Tuesday April 23, 2024

فخر زمان کو لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک تفویض۔۔

لاہور (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان کو پاکستان نیوی کی جانب سے اعزازی آفیسر رینک سے نواز دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نیوی کی جانب سے قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان کو لیفٹیننٹ کے اعزازی رینک سے نواز دیا گیا، یہ رینک آرمی میں کیپٹن اور فضائیہ میں فلائٹ لیفٹیننٹ کے برابر ہوتا ہے ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز میں پاکستانی کرکٹر فخر زمان کو لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عسکری و سول حکام اور پی سی بی کے عہدیداران سمیت سابق کرکٹرز اور فخر زمان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں فخر زمان کو لیفٹیننٹ کا اعزازی رینک تفویض کیا،

فخر زمان کو یہ اعزازی رینک کرکٹ کے میدان میں شاندار کارکردگی اور پاک بحریہ سے ان کی وابستگی کی بنا پر دیا گیا، فخر زمان نے 2007ء میں بطور سیلر پاک بحریہ کی آپریشن برانچ میں شمولیت اختیار کی جب کہ اپنے کیریئر کے دوران فخر زمان نے کرکٹ کے میدان میں پاک بحریہ کیلٸے متعدد اعزازات حاصل کیے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق 2012ء میں آسٹریلیا میں منعقدہ انٹرنیشنل ڈیفنس کرکٹ چیلنج کپ میں فخر زمان نے پاک بحریہ کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا، فخر زمان کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی جانب سے سندِ تحسین سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے فخر زمان اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ ملک میں مختلف کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور آئندہ بھی کھلاڑیوں کی معاونت کرتی رہے گی۔

واضح رہے کہ فخر زمان نے 2017ء میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں اوول کرکٹ گرائونڈ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار سنچری سکور کرتے ہوئے جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ فخر زمان کو فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ فخر زمان کو پاکستان کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈبل سنچری سکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے،انہوں نے زمبابوے کے خلاف 210 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں فخر زمان لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہیں، ان کی کئی عمدہ اننگز کی بدولت لاہور قلندرز نے کئی کامیابیاں اپنے نام کیں۔

FOLLOW US