Friday March 29, 2024

بابر اعظم کا نیوزی لینڈ کیخلاف پوری ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے کا خدشہ، پی سی بی بابراعظم کو نیوزی لینڈ سے واپس بلالے:سرفراز نواز

لاہور (ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ فاسٹ بائولر سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کو کپتان بابراعظم کو نیوزی لینڈ سے واپس بلالینا چاہیئے تاکہ وہ انجری سے صحت یاب ہوسکیں۔ 72 سالہ سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ بیٹنگ لائن اپ مضبوط کرنے کے لیے بابراعظم کو جلد بازی کرتے ہوئے کھلا سکتی ہے جس کے باعث ان کی چوٹ زیادہ بڑھ سکتی ہے اور یوں وہ لمبے عرصے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر ہوجائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت سارے کھلاڑیوں کو دیکھا ہے جنھیں قبل از وقت مسابقتی کرکٹ کھیلنی پڑی۔ کسی بھی فریکچر میں کھلاڑی کو مکمل طور پر صحتیاب ہونے کے لئے کم از کم ایک ماہ کی ضرورت ہوگی، مکمل صحت مند ہونا انٹرنیشنل مقابلوں کی بنیادی ضرورت ہے۔ بابر قومی ٹیم کے لئے ایک قیمتی اثاثہ ہے لہذا ان کی چوٹ کو مناسب طریقے سے سنبھالنا وقت کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ بابراعظم گذشتہ ہفتے پریکٹس سیشن میں انگوٹھے ٹوٹنے کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد اب پہلے ٹیسٹ بھی باہر ہوگئے ہیں ، امکان ہے کہ بابراعظم دوسرے ٹیسٹ کے لیے صحت یاب ہوجائیں لیکن یہ فیصلہ میچ کے آغاز سے پہلے ہی کیا جائے گا۔ سرفراز نواز نے کہا کہ بابراعظم کو صحت یاب ہونے کے لیے مناسب وقت دینا چاہیئے اور اس سیریز میں پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا جانا چاہیئے، بابراعظم پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کا اہم جزو ہےاور جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ سیریز میں ان کی بہت ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو مستقبل کی سیریز میں بابراعظم کی بہت ضرورت ہوگی لہذا یہ لازم ہے کہ انہیں نیوزی لینڈ کی بائونسی پچز پر کھیلنے کی اجازت دینے کی بجائے مکمل آرام کا موقع دیا جائے کیوں کہ اگر کھیلنے کے دوران انہیں دوبارہ چوٹ لگ گئی تو وہ لمبے عرصے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر ہوسکتے ہیں ۔

FOLLOW US