لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کرکٹ سیریز کی خواہش کا اظہار کردیا۔ تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کے آسٹریلوی ہم منصب سکاٹ موریسن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے دونوں ممالک کے مابین کرکٹ سیریز کی خواہش کا اظہار کیا ،ان کا کہنا تھا کہ کرونا وبا کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد دونوں ممالک کے مابین سیریز ہونی چاہیئے،انہوں نے آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے لیے بھی خواہش کا اظہار کیا ۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا نے آخری مرتبہ 1998ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان کا کہنا ہے
کہ پرامید ہیں کہ اگلے 20 ماہ کے دوران آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔ وسیم خان کا کہنا ہے کہ ملک میں دنیائے کرکٹ کی 4 بڑی ٹیموں کے دورے کا امکان ہے۔ پرامید ہیں کہ اگلے 20 ماہ کے دوران آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔سب سے پہلے جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ جنوبی افریقہ جنوری 2021ء میں پاکستان کا دورہ کرے گی جب کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے حکام بھی یقین دہانی کروا چکے کہ ان کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی ، رواں سال اکتوبر میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی اور نومبر میں پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز کے سلسلے میں بھی غیر ملکی کرکٹرز پاکستان آئیں گے۔ پی سی بی نے واضح کر دیا ہے کہ اب کسی بھی ٹیم کے پاس پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا کوائی جواز باقی نہیں بچا۔