لاہور (ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز کے اچانک انتقال پر پاکستانی افسردہ ہو گئے،ملک میں موجود کرکٹ کے مداحوں نے ڈین جونز کے پاکستان میں گزارے گئے خوشگوار اور یادگار لمحات شئیر کر دئیے۔تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلین بلے باز اور معروف کمنٹیٹر ڈین جونز حرکت قبل بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔ ڈین جونز کمنٹری کے سلسلے میں بھارت میں موجود تھے۔ ڈین جونز کی عمر 59 سال تھی، وہ 24مارچ 1961ء میں میلبورن میں پیدا ہوئے ،ڈین جونز 1987ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے اہم رکن تھے،
ڈین جونز پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ اور مینٹور تھے تاہم رواں سال پی ایس ایل میں انہوں نے کراچی کنگز کی کوچنگ کی تھی۔ڈین جونز پی ایس ایل کے سلسلے میں پاکستان میں موجود رہے،یہی وجہ ہے کہ پاکستانیوں کے دل میں ان کے لیے بے انتہا پیار اور محبت ہے تاہم ڈین جونز کے اچانک انتقال کی خبر سن کر پاکستانی کرکٹ مداح بھی افسردہ ہو گئے۔ پاکستانیوں نے ڈین جونز کے پاکستان میں گزارے ہوئے یادگار لمحات کو ٹویٹر پر شئیر کرتے ہوئے ان کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا۔ایک صارف نے ڈین جونز کی پی ایس ایل کے دوران وائرل ہونے والی ویڈیو شئیر کی جس میں انہیں سٹیڈیم سے کوڑا کرٹ اکٹھا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایک صارف نے یہی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈین جونز سے سیکھ سکتے تھے کہ اپنی گلیوں کو صاف رکھیں اور کوڑا مت پھینکیں۔
دیگر صارفین نے بھی کہا کہ کراچی کنگز کے ہیڈکوچ ڈین جونز نے بوتلیں اور کچرا سمیٹ کر ڈسٹ بن میں ڈالا اور دوسروں کے لیے بہترین مثال قائم کی تھی۔ کنگز کے غیر ملکی ہیڈکوچ ڈین جونز جن کا تعلق آسٹریلیا سے تھا وہ میچ کے بعد گراؤنڈ کی صفائی کرتے دکھائی دیے۔ میچ ختم ہونے کے بعد ڈین جونز نے کھلاڑیوں کے بیٹھنے کی جگہ(ڈگ آؤٹ ) کی صفائی کی۔ غیرملکی کوچ ڈین جونز کے اس عمل کو لوگوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا، ۔ایک صارف نے کہا کہ ڈین جونز ہم آپکو یاد رکھیں گے،آپ ایک عظیم پلیئر، عظیم کوچ اور پوری دنیا کے لیے امن کے سفیر تھے۔ ایک صارف نے کہا کہ ہم آپ کو پی ایس ایل 2020 میں یاد کریں گے۔ ایک صارف نے کہا کہ لیجنڈ کبھی نہیں مرتے۔ ایک صارف نے ڈین جونز کے انتقال پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ 2020 ایک بدترین سال گزرا ہے۔ ایک صارف نے کہا ڈین جونز کا کرکٹ اور خصوصی طور پر پی ایس ایل میں بھرپور شراکت داری پر شکریہ ادا کیا۔ ۔اس کے علاوہ بھی کئی صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ دنیا میں آپکو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔