Wednesday May 8, 2024

چینی کمپنی کے جوابی وار نے آئی پی ایل کا زبردست نقصان کروا دیا

ممبئی (ویب ڈیسک) فینٹیسی سپورٹس گیمنگ پلیٹ فارم ڈریم 11 نے آئی پی ایل کے 13 ویں ایڈیشن کے ٹائٹل حقوق 222 کروڑ روپے میں خرید لیے۔ لیگ کے چیئرمین برجیش پٹیل نے کہا کہ فینٹیسی سپورٹس گیمنگ پلیٹ فارم ڈریم 11 نے سب سے زیادہ 222 کروڑ روپے کی بڈ سے ٹائٹل سپانسرشپ حقوق جیتے، برجیش پٹیل نے تصدیق کی ہے کہ 18اگست سے 31 دسمبر 2020ء تک جاری رہنے والے ڈیل کیلئے بائیجوس اور ان اکیڈمی پر ڈریم 11 نے سبقت حاصل کرلی۔ چینی کمپنی کے دستبردار ہونے کی وجہ سے آئی پی ایل کو نیا ٹائٹل سپانسر ڈھونڈنا پڑا۔ واضح رہے کہ چینی کمپنی اس سے دگنی رقم 444 کروڑ روپے دیتی تھی۔

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا 13 واں ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے شروع ہوگا، انڈین پریمیر لیگ کے فائنل سمیت تمام میچز یو اے ای کے 3 مقامات دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں کھیلے جائیںگے، لیگ کا فائنل میچ 10 نومبر کو کھیلا جائیگا اور لیگ میں فائنل سمیت 53 میچز کھیلے جائیںگے۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق یہ ایونٹ رواں سال 29 مارچ سے بھارت میں شیڈول تھا لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے 14 اپریل کو اس اعلان کے بعد کہ بھارت میں لاک ڈاون کم از کم 3 مئی 2020ء تک جاری رہیگا، بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ کو غیر معینہ مدت کیلئے معطل کردیا۔ 2 اگست 2020ء کو اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ یہ ٹورنامنٹ 19 ستمبر سے 10 نومبر 2020ء کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائیگا۔ واضح رہے کہ 2014ء میں ہندوستان میں انتخابات کی وجہ سے آئی پی ایل کا آدھا سیزن یو اے ای منتقل ہوگیا تھا

یوں متحدہ عرب امارات اس سے قبل 2014ء میں آئی پی ایل کے میچز کی میزبانی کرچکا ہے۔ آئی پی ایل کے 13 ویں ایڈیشن میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم سب سے زیادہ 4 مرتبہ لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ لیگ کا پہلا ایڈیشن 2008ء میں کھیلا گیا تھا جو راجستھان رائلز نے جیتا تھا۔ شین واٹسن راجستھان رائلز کی قیادت کی تھی۔ لیگ میں اب تک بھارت کے ویرات کوہلی 5412 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر جبکہ سری لنکا کے فاسٹ بائولر لاستھ مالنگا نے 170 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹ حاصل کی ہیں۔

FOLLOW US