لاہور (نیوز ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے کہا ہے کہ پی ایس ایل سیزن 5 کے بقیہ میچز ملتوی ہونا پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی دیگر ٹیموں خصوصاً لاہور قلندرز کیساتھ بہت بڑی ناانصافی ہو گی۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے موقوف ہونے والے پی ایس ایل سیزن پانچ کا پلے آف مرحلہ بدستور لٹکا ہوا ہے کیونکہ پی سی بی کی جانب سے نومبر یا دسمبر کی ممکنہ ونڈو میں باقی میچز کی پلاننگ غیر ملکی پلیئرز کی عدم دستیابی اور مالی طور پر کمتر فوائد کے علاوہ کورونا وائرس کی صورتحال کے سبب خطرے میں پڑی ہوئی ہے ۔
گزشتہ اجلاس میں فرنچائز مالکان سے باقی میچز کرانے یا پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ ٹیم کو فاتح قرار دینے سے متعلق رائے لی جا چکی ہے البتہ اس حوالے سے متضاد آراء سامنے آئی ہیں۔ گزشتہ روز ملتان سلطانز کے شریک مالک علی ترین نے اپنے ٹوئٹ میں باقی میچز نہ کرانے کو کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کے ساتھ بڑی ناانصافی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ خاص طور پر لاہور قلندرز کیلئے یہ فیصلہ قطعی درست نہیں جس نے طویل جدوجہد کے بعد پلے آف کیلئے کوالیفائی کیا اور وہ ایونٹ جیتنے کی پوزیشن میں ہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ شائقین کو باقی میچز دیکھنے کا موقع ملے گا اور غیر ملکی کھلاڑی دستیاب نہ ہوئے تو مقامی صلاحیت کو چمکنے کیلئے مواقع فراہم کئے جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ پی سی بی نے ستمبر میں ایونٹ سے متعلق حتمی فیصلے کا پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے البتہ فرنچائز باقی میچوں کے بارے میں متضاد آراء رکھتی ہیں۔
This would be a huge injustice against the teams who have qualified. Especially @lahoreqalandars who qualified after so long and had a genuine shot of winning.
IA we will all get to see the remaining games (even without foreigners). Give our local talent more chances to shine ⭐️ https://t.co/Mi5GH4arMj— Ali Khan Tareen (@aliktareen) July 25, 2020