Monday May 6, 2024

سرحد پار سے ہمیں ہمدردیاں نہیں چاہئیں شعیب اختر کو امیتابھ بچن کی صحت یابی کیلئے دعا پر منفی ردعمل کا سامنا

لاہور (ویب ڈیسک) سا بق پاکستانی فاسٹ بالر شعیب اختر کو بھارتی فنکار امیتابھ بچن کی کورونا وائرس سے جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کے اظہار پر سوشل میڈیا میں منفی ردعمل کا سامنا کرنا پڑ گیا ۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ امیتابھ بچن کورونا وائر س سے جلدی نجات حاصل کر لیں ۔ چند بھارتی افراد کو ان کا پیغام پسند نہیں آیا اور ایک بھارتی ٹوئٹر صارف نے شعیب اختر کو نفرت آمیز جواب دیتے ہوئے کہا کہ سرحد پار دہشت گرد رہتے ہیں، ہمیں کوئی بھی جلد صحتیابی والی دعا کے پیغامات نہیں چاہئیں۔

شعیب اختر نے پیار سے بھارتی ٹوئٹر صارف کو جواب دیا کہ ’’سننے والی اوپر والے کی ذات ہے، کیا پتا کس کی سن لے، آپ کے لیبل کرنے سے کوئی لیبل نہیں ہو جاتا، خدا آپ پر رحم فرمائے‘‘۔ شعیب اختر کے اس جواب کو متعدد کرکٹ شائقین نے خوب سراہا اور ان کی تعریف کے پل باندھے۔ اس موقع پر شعیب اختر نے جواب دیا کہ دعا کی قبولیت اوپر والے کے ہاتھ میں ہے ، کیا پتا وہ کس کی سن لے ۔ یاد رہے کہ 77 سالہ امیتابھ بچن نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میرا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور مجھے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن کے بیٹے اور اداکارہ ابھیشیک بچن نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے سے ہی وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ابھیشیک بچن نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ والد اور میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، ہم دونوں کو ہلکی علامات ہیں اور ہسپتال میں داخل ہوچکے ہیں، بالی وڈ سٹار کورونا کی تشخیص کے بعد ممبئی کی ناناوتی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ بالی وڈ سٹار کے کورونا میں مبتلا ہونے پر فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مداحوں نے ان کی جلد صحتیابی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔

FOLLOW US