Friday November 29, 2024

ٹی20 ورلڈ کپ ملتوی کروا کے آئی پی ایل کا انعقاد۔انضمام الحق انٹر نیشنل کرکٹ پر برس پڑے

لاہور(ویب ڈیسک ) سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی کرکے آئی پی ایل کرائی گئی تو سوال جنم لیں گے۔اپنے بیان میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ اگرایک ملک لاک ڈاو¿ن میں آئی پی ایل کراسکتا ہے تو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیوں نہیں ہوسکتا، آئی سی سی ایونٹ اور سیریزکی جگہ پرائیوٹ لیگ کو ترجیح دی گئی تو کرکٹ کو نقصان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مل کرمیزبانی کریں تو ممکن ہوسکتا ہے لیکن پرائیوٹ لیگ کو انٹرنیشنل کرکٹ پرفوقیت نہیں دینی چاہیے اور پرائیوٹ لیگ کوفوقیت دینے کا تاثر بھی نقصان دہ ہے۔سابق کپتان کا کہنا تھا

کہ ایشیا کپ کی تاریخوں پر بھی اعتراضات شروع ہوگئے ہیں، آئی سی سی اور اے سی سی انٹرنیشنل کرکٹ کو اہمیت دے کیونکہ تھوڑے مفاد کے لیے بعد کے نقصانات زیادہ ہوتے ہیں لہٰذا سارے کرکٹ بورڈ کو مل کر اس بار ے میں سوچنا چاہیے۔دوسری جانب دورہ انگلینڈ کیلئے قومی اسکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں حیدر علی، عمران خان اور کاشف بھٹی کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آگیا جس کے بعد ان کی مانچسٹر روانگی کے لیے انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔تینوں کھلاڑیوں کے علاوہ مساجر ملنگ علی اور محمد عمران کے بھی کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں جس کے بعد کرکٹ آپریشنز کھلاڑیوں کی برطانیہ روانگی کے لیے انتظامات کررہا ہے۔دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل واحد کھلاڑی حارث رؤف کورونا میں مبتلا ہیں اور گزشتہ دنوں فاسٹ بولر کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔حارث رؤف ان دنوں گھر میں قرنطنیہ میں موجود ہیں جن کا آئندہ چند روز کے بعد دوبارہ ٹیسٹ کروایا جائے گا۔اس سے قبل 6 کرکٹرز 2 کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد پہلی ہی ووسٹر پہنچ چکے ہیں جہاں انگلینڈ میں ہونے والی ٹیسٹنگ کا نتیجہ منفی آنے کے بعد قومی اسکواڈ کو جوائن کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

FOLLOW US