Saturday May 18, 2024

دورہ انگلینڈ کیلئے سرفراز احمد اور محمد رضوان کے بعد ایک اور وکٹ کیپر کو قومی ٹیم میں شامل کر لیا گیا

لاہور (ویب ڈیسک) دورہ انگلینڈ کیلئے بیک اپ وکٹ کیپر روحیل نذیر قومی سکواڈ میں شامل ہو گئے جن کا دیگر چار ریزرو پلیئرز کے ساتھ کورونا وائرس ٹیسٹنگ کا دوسرا مرحلہ گزشتہ روز مکمل کرلیا گیا۔پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ پانچ ریزرو کھلاڑیوں بلال آصف،عمران بٹ،محمد نواز،موسیٰ خان اور روحیل نذیر کے علاوہ سپورٹ سٹاف میں شامل مساجر محمد عمران کے کورونا وائرس ٹیسٹ کرائے گئے ہیں جن میں سے چار کھلاڑی بلال آصف،محمد نواز،موسیٰ خان اور عمران بٹ 12 جون کو اعلان شدہ 29 رکنی سکواڈ کے ساتھ بطور ریزرو کھلاڑی منتخب ہوئے تھے جب کہ روحیل نذیر کو بیک اپ وکٹ کیپر کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے ۔

پی سی بی کے مطابق گزشتہ روز 18 کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ میں شامل گیارہ افراد نے کورونا وائرس ٹیسٹنگ کا دوسرا مرحلہ مکمل کیا جبکہ پہلے مرحلے میں جن دس کھلاڑیوں اور ایک پلیئرسپورٹ سٹاف میں شامل مساجر کی رپورٹ مثبت آئی تھی ان کے ٹیسٹ آج دوسری مرتبہ کرائے جائیں گے ۔ پی سی بی کے مطابق ٹیسٹنگ کے تمام تر نتائج کا اعلان کل ہوگا اور اس بابت پی سی بی کی جانب سے فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں جن کھلاڑیوں کی رپورٹ مثبت آئی تھی ان کے دوبارہ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ اس وجہ سے کیا گیا کہ محمد حفیظ کی اپنے طور پر ٹیسٹ کرانے کے بعد رپورٹ منفی آئی ہے جو پی سی بی کی ٹیسٹنگ کے دوران دس کورونا سے متاثرہ کرکٹرز میں شامل تھے ۔

FOLLOW US