Monday January 20, 2025

آئی سی سی میں بھارت کیخلاف بہت بڑی بغاوت، احسان مانی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا نیا چیئرمین بنا دیے جانے کا امکان

دبئی (نیوز ڈیسک) آئی سی سی میں بھارت کیخلاف بڑی بغاوت، احسان مانی کو نیا چئیرمین بنائے جانے کا امکان، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے کئی ممبران نے پی سی بی چئیرمین سے رابطہ کر لیا، نئے چئیرمین کا انتخاب جولائی میں ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کو اپنی ملکیت سمجھنے والے بھارت کو بڑی بغاوت کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔ چھوٹے کرکٹ بورڈز نے طویل عرصے تک نظر انداز ہونے کے بعد بالآخر بھارت کی اجازت داری کیخلاف بغاوت کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی کے موجودہ چئیرمین ششانک منوہر کے عہدے کی مدت رواں برس جولائی میں ختم ہو رہی ہے۔

اسی لیے آئی سی سی کے نئے چئیرمین کے انتخابات کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ بھارت کی جانب سے اس مرتبہ بھی آئی سی سی کی سربراہی اپنے ہاتھ میں رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بھارت کی کوشش ہے کہ ساروو گنگولی کو آئی سی سی کا نیا چئیرمین منتخب کروا لیا جائے۔ تاہم آئی سی سی کے کئی ممبران نے بھارت کی کوششوں کی مخالفت کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی سے رابطہ کیا ہے۔ ممبران نے احسانی مانی سے درخواست کی ہے کہ وہ آئی سی سی چئیرمین کا عہدہ سنبھال لیں۔ احسان مانی ماضی میں بھی آئی سی سی کے چئیرمین رہ چکے ہیں۔ ان کے اس تجربے کے باعث ہی انہیں دوبارہ آئی سی سی کا سربراہ منتخب کروا لیے جانے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی کے نئے سربراہ کے انتخاب کا طریقہ کار بدھ کو شیڈول اجلاس میں طے کیا جائے گا۔

FOLLOW US