لاہور : قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تقرہباً تین سال کا عرصہ بیت چکا ہے لیکن وہ اب بھی شائقین میں یکساں مقبول ہیں۔ شاہد آفریدی دنیا بھر میں اپنی جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور تھے لیکن کیریئر کے دوسرے حصے میں ان کی باؤلنگ ان کا خاصا بن گئی تھی جس کی بدولت ان کا جشن منانے کا انداز بھی شائقین کو بہت پسند تھا۔ حال ہی میں کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کی جانب سے پول کے ذریعے عوام سے رائے مانگی گئی کہ انہیں دنیا بھر میں کس کرکٹر کا جشن منانے کا انداز سب سے زیادہ پسند ہے۔ اس سلسلے میں شاہد آفریدی کا مقابلہ بھارتی ٹیم کے موجودہ کپتان کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کے شیلڈن کوٹریل، ڈیوین براوو، کرس گیل، کیسرک ولیمز اور عمران طاہر سمیت مختلف کرکٹرز سے ہے۔
ووٹنگ میں شاہد آفریدی دیگر کھلاڑیوں پر سبقت لے گئے اور شائقین نے ان کے جشن منانے کے انداز کو سب سے زیادہ پسند کیا ہے۔ شاہد آفریدی نے پہلی مرتبہ 2006ء میں کیچ پکڑنے کے بعد اس انداز میں جشن منایا تھا جو بعد ازاں ان کا خاصا بن گیا اور اب بھی ہمیں پاکستان سپر لیگ میں وہ اس انداز سے جشن مناتے نظر آتے ہیں۔ عوام نے دوسرے نمبر پر ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر شیلڈن کوٹریل کے سیلیوٹ مار کر جشن منانے کے انداز کو سب سے زیادہ پسند کیا ۔
جنوبی افریقہ کے عمران طاہر کا وکٹ لے کر دیوانہ وار جوش و خروش کے ساتھ گراؤنڈ میں بھاگنے کا انداز ہم سب کو پسند ہے اور وہ تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ ویرات کوہلی کو بھی ان کے انداز پر لوگ پسند کررہے ہیں ۔ 5ویں، چھٹے اور 7ویں نمبر پر بالترتیب ڈیوڈ وارنر، ڈیل سٹین اور کرس گیل موجود ہیں،کرس گیل کے گینگم سٹائل میں جشن کو کم ووٹس ملنا انتہائی حیران کن ہے۔
اسکے علاوہ فہرست میں شیکھر دھون کا کبڈی سٹائل میں جشن، ڈیوین براوو کا چیمپیئن ڈانس، رومان رئیس کا وکٹ لیکر بھی خاموشی سے جشن منانا اور کیسر ولیمز کا نوٹ بک پر دستخط کر کے جشن منانے کا منفرد سٹائل بھی شامل ہے۔ انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان جو روٹ بھی منفرد انداز میں بلا ڈراپ کرنے پر فہرست کا حصہ بننے میں کامیاب رہے جبکہ روس ٹیلر کا سنچری کے بعد زبان نکالنا، بنگلہ دیشی وکٹ کیپر نظم الحسن کا ناگن ڈانس اور آندرے رسل کا خوبصورت ڈانس سے جشن منانا بھی ووٹنگ کے لیے فہرست کا حصہ ہے۔