Monday November 25, 2024

شاہد آفریدی نے غریبوں کو راشن اور فنڈز فراہم کرنے کی شرط پر تمام برانڈز کیساتھ مفت کام کرنیکی پیش کش کر دی

لاہور: سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے تمام برانڈز کو مشروط پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں راشن اور فنڈز دئیے جائیں تو وہ تمام برانڈز کے ساتھ مفت کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر پر اپنے پیغام میں 40 سالہ شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے بڑے بڑے برانڈز کیساتھ ان کی اشتہاری مہم کیلئے کام کیا ہے لیکن اب میں چاہتا ہوں کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر ہونیوالے افراد کی مدد کیلئے میری معاونت کریں۔

قومی کرکٹرز حسن علی ، وہاب ریاض ، شعیب ملک، جویریہ سمیت دیگر نے بھی سابق کپتان کو اپنی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں مہلک کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5716 سے تجاوز کرگئی اور 96 افراد جاں بحق ہوگئے۔ وفاقی وزارت صحت کے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3157 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ ہوئے جب کہ 342 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ جس کے بعد ملک بھر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 5716 ہوگئی ہے۔ملک بھر میں سب سے زیادہ کورونا کے مصدقہ مریض پنجاب میں ہیں ، صوبے میں مریضوں کی تعداد 2826 ہے۔ سندھ 1452، خیبرپختونخوا800، بلوچستان میں 231، گلگت بلتستان 233، اسلام آباد131اور آزاد کشمیر میں 43 کیسز رپورٹ ہوئے۔حکومتی اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے باعث سب سے زیادہ جانی نقصان خیبر پختونخوا میں ہوا ہے جہاں 35 مریض اس وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ سندھ میں 31،پنجاب میں 24،گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں 2 اور اسلام آباد میں ایک مریض جان کی باز ی ہار گیا۔

FOLLOW US