لاہور (ویب ڈیسک) ’’لاہور کے مقامی ہوٹل میں پارٹی کےدوران کیون پیٹرسن کی ناک توڑدی تھی۔۔ ‘‘ ۔ مارکوس ٹریسکوتھک نے انکشاف کیا ہے کہ لاہور میں ایک پارٹی کے دوران کیون پیٹرسن کی ناک توڑ دی تھی، سابق انگلش کرکٹر نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ حادثہ ایک ہوٹل میں دھینگا مشتی کے دوران ہوا، بات اسی کمرے تک محدود اور راز رہی۔ تفصیلات کے مطابق سابق انگلش کرکٹر مارکوس ٹریسکوتھک نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ لاہور کے ایک ہوٹل میں پارٹی کے دوران مجھ سے زور آزمائی کرتے ہوئے کیون پیٹرسن کی ناک ٹوٹ گئی تھی،
انھوں نے بتایا کہ 2005 میں میزبان پاکستان سے دوسرے ٹیسٹ اور سیریز بھی شکست کے بعد ہر کوئی دلبرداشتہ تھا،ہماری ٹیم کی اسپانسر کمپنی نے پارٹی کا اہتمام کرلیا،اس میں صرف کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف کو مدعو کیا گیا تھا، اس صورتحال میں کوئی جانا نہیں چاہتا تھا لہذا صرف 8 پلیئرز شریک ہوئے،اس وقت بھی پاکستان میں شراب حاصل کرنا آسان نہیں تھا، برطانوی ہائی کمیشن کی معاونت سے اس کا انتظام کیا گیا۔ ایک ہال نما بڑے کمرے میں موجود کھلاڑیوں اور اسپانسر کمپنی کے نمائندے نے شراب نوشی کے بعد خوب ہلہ گلہ کیا، اس دوران میرے ساتھ دھینگا مشتی کرتے ہوئے کیون پیٹرسن نے مجھے زمین پر گرایا، جواب میں میں نے بھی انھیں پٹخ دیا جس سے ان کی ناک ٹوٹ گئی، بہرحال یہ بات اس وقت کمرے تک محدود اور راز ہی رہی۔ ٹریسکوتھک نے کہا کہ پارٹی میں ہر کھلاڑی کو گلوکاری میں اپنی صلاحیتیں آزمانے کی اجازت تھی، سب نے کچھ نہ کچھ گایا، یہ تو یاد نہیں کہ ان سب میں بہترین کس نے گایا لیکن اتنا ضرور کہہ سکتا ہے کہ پارٹی، میرے، کیون پیٹرسن اور ہم سب کیلیے ناقابل فراموش تھی۔