کراچی (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے بولر مچل میکلینگن نے شرجیل خان کی حمایت میں بیان جاری کردیا۔ کراچی کنگز کے بولر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 5 کے دوران اوپنر کو سخت ٹریینگ کرتے دیکھا، انہوں نے خود کو فٹ رکھنے کیلیے بہت کم آرام کیا، یہ بھی سوچتا رہا کہ وہ پاکستان ٹیم میں واپسی کیلیے ضرورت سے زیادہ محنت تو نہیں کر رہے جس کی وجہ سے ان کی بیٹنگ پرفارمنس میں تسلسل کی کمی نظر آتی ہے، تھوڑا آرام بھی کرتے تو شاید کارکردگی مزید بہتر ہوتی۔ یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ بحث چل رہی ہے کہ شرجیل خان کی فٹنس میں کمزوریوں کو نظر انداز کرکے رواں سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا جائے یا نہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کا سہارا لیتے ہوئے مچل میکلینگان نے اس کا جواب دیتے ہوئے شرجیل خان کی حمایت کی ہے۔