لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تمام فرنچائزز کے مالکان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی تمام انعامی رقم کورونا وائرس کیلئے مختص کر دیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی انعامی رقم کو کرونا وائرس کی امدادی رقم میں استعمال کر لینا چاہیے، مجھے امید ہے کہ اس آزمائش کی گھڑی میں پی ایس ایل مالکان ایک بار پھر قوم اور عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔واضح رہے کورونا وائرس کی وجہ سے کراچ اور لاہور میں شائقین کے بغیر پاکستان سپر لیگ کے میچز کروائے گئے،
بعد میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے لیگ کے سیمی فائنل اور فائنل مقابلے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے بین ڈنک کا کہنا ہے کہ زندگی کرکٹ سے زیادہ ضروری ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل کے سیمی فائنل اور فائنل میچز کی فوری معطلی کے بعد بین ڈنک نے اپنے پیغام میں لاہور قلندرز کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا کہا اور ساتھ ہی یہ بھی لکھا کہ امید ہے کہ جلد ہی آپ سب سے دوبارہ ملاقات ہو گی۔واضح رہے کہ 33 سالہ آسٹریلوی کرکٹر بین ڈنک نے پی ایس ایل کے سیزن فائیو میں لاہور قلندرز کو میچ جتوانے میں متعدد بار اہم کردار ادا کیا تھا۔بین ڈنک کی جارحانہ اننگز کی بدولت ہی لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب بھی رہی تھی۔