Monday January 20, 2025

پی ایس ایل کی واحد ٹیم جس کے تمام غیر ملکی کرکٹرز نے پاکستان میں ہی رہنے کا فیصلہ کر لیا

لاہور: پی ایس ایل کی واحد ٹیم جس کے تمام غیر ملکیوں نے پاکستان میں رہنے کا فیصلہ کر لیا، لاہور قلندرز کے تمام غیر ملکی کرکٹرز کا فی الحال اپنے ممالک واپس نہ جانے کا فیصلہ، اتوار کو ملتان سلطانز کیخلاف میچ میں شرکت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب کرونا وائرس خدشات کے باعث پی ایس ایل میں شرکت کر رہے بیشتر غیر ملکی کرکٹرز نے اپنے ممالک واپس جانے کا فیصلہ کیا، تب بھی لاہور قلندرز پی ایس ایل کی واحد ٹیم ہے جس کے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ فی الحال پاکستان میں ہی رہیں گے۔

اس وقت لاہور قلندرز کے اہم غیر ملکی کرکٹر میں کرس لن، ڈن بنک، ڈیوڈ ویز، سمت پٹیل شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور قلندرز اپنا آخری لیگ میچ اتوار کو کھیلے گی، جبکہ میچ میں فتح کی صورت میں ٹیم سیمی فائنل مرحلے تک بھی پہنچ سکتی ہے۔ اس لیے لاہور قلندرز کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں جب تک ان کی ٹیم کا سفر جاری ہے، وہ اپنی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظرپی ایس ایل میں شامل بعض غیرملکی کھلاڑیوں نے واپس جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع پی سی بی کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظرپی ایس ایل میں شامل 10 غیرملکی کھلاڑیوں اور ایک کوچ نے واپس جانے کی خواہش ظاہر کی جس کے بعد پی سی بی نے بھی کھلاڑیوں کواپنے اپنے وطن واپس جانے کی اجازت دے دی ہے۔ فلائٹ آپریشن بند ہونے کے ڈرسے کھلاڑی واپسی کے خواہاں ہیں۔ کورونا وائرس کے خوف سے اب تک پی ایس ایل چھوڑ کر واپس اپنے ملک جانے والوں میں کراچی کنگز کے الیکس ہیلز، ملتان سلطانز کے ریلی روسو اور جیمز ونس، پشاور زلمی کے ٹام بینٹن، کارلوس بریتھ ویٹ، لیام ڈاسن، جیمز فوسٹر (کوچ)، لوئس گریگری اور لیام لیونگ اسٹون جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے اور ٹائمل ملز شامل ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈیل سٹین ، لیوک رونکی ،کولن منرو،ڈیوڈ مالان اور ٹرینر کوری ریٹگز کل وطن واپس روانہ ہونگے۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق ان کھلاڑیوں کے پی ایس ایل سے آؤٹ ہونے کے بعد تمام ٹیموں کو قانون کے مطابق متبادل کھلاڑیوں کے انتخاب کی اجازت ہوگی، جس کی منظوری ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی دے گی جب کہ پی سی بی اس ضمن میں صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لیتا رہے گا اور اس دوران وہ تمام ٹیم مالکان سے رابطے میں رہے گا۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے تاہم ابھی تک کسی بھی کھلاڑی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔

FOLLOW US