Monday November 25, 2024

فائنل سمیت پی ایس ایل کے تمام بقیہ میچز بھی بنا تماشائیوں کے کروانے کا اعلان

لاہور میں اور فائنل سمیت پی ایس ایل کے تمام بقیہ میچز بھی بنا تماشائیوں کے کروانے کا اعلان، پی سی بی کا کہنا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی سفارش پر لاہور میں بھی بغیر تماشائیوں کے میچز ہونگے، فائنل بھی بند دروازوں کے پیچھے کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے لاہور میں بقیہ میچز بند دروازوں میں کھیلےجائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی سفارش پر لاہور میں بھی بغیر تماشائیوں کے میچز ہونگے۔ فیصلے کا اطلاق پی سی بی سے منظور شدہ کمرشل پارٹنرز، میڈیا نمائندگان اور دیگر سروس فراہم کرنے والے افراد پر نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور فرنچائز مالکان کے اہلخانہ کو بھی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

پی سی بی کی جانب سے یہ فیصلہ ایونٹ میں شریک افراد کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ لاہور کے میچوں کے لیے خریدی گئی ٹکٹوں کی رقم واپس ہوگی۔ لاہور میں شیڈول بقیہ پی ایس ایل میچز کا شیڈول مندرجہ ذیل ہے: 15 مارچ: ملتان سلطانز بمقابلہ لاہور قلندرز بوقت دوپہر 2 بجے، 17 مارچ: پہلا سیمی فائنل (1 بمقابلہ 4) بوقت دوپہر 2 بجے، دوسرا سیمی فائنل (2 بمقابلہ 3)بوقت شام 7 بجے، 18 مارچ: فائنل بوقت شام 7 بجے بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ پی سی بی اور تمام ٹیموں کے مالکان نے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں کو اپنی مرضی سے لیگ چھوڑنے کی اجازت دے دی ہے کیونکہ کھلاڑیوں کااعتماد اور یقین پی سی بی کے لیے سب سے اہم ہے۔چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ وہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ فی الحال 10 کھلاڑیوں اور ایک کوچ کی جانب سے لیگ چھوڑنے کا فیصلہ اس لیے لیا گیا کہ انہیں مستقبل میں فلائٹ آپریشن معطل ہونے یا اپنے ممالک کے بارڈر بند ہونے کا خطرہ ہے جب کہ ہم ان تمام کھلاڑیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنائیں گے اور دیگر کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف کے لیے بھی یہی پروٹوکول اپنایا جائے گا۔ وسیم خان نے کہا کہ ماضی کی طرح پی سی بی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا اور ایونٹ کے شرکاء کی حفاظت اور صحت سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کرنے سے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کریگا۔

FOLLOW US