کینبرا(ویب ڈیسک )کورونا وائرس کے خوف کے باعث جہاں لوگوں کو ایک دوسرے سے ملنے سے اجتناب کرنے اور ہاتھ ملانے سے منع کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے وہیں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ہاتھ ملانے رہنے کا اعلان بھی کیا ہے۔جسٹن لینگر نے کہا کہ ہم ہاتھ ملاتے رہیں گے کیونکہ ہمارے پاس سینی ٹائزر ہیں۔تفصیلات کے مطابق چین میں سب سے پہلے منظر عام پر آنے والا کورونا وائرس اب تک دنیا کے 109 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 831 ہو چکی ہے۔کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا میں جہاں دیگر سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں وہیں کھیلوں کی سرگرمیاں مسلسل متاثر ہو رہی ہیں۔
کورونا وائرس کے باعث اولمپکس گیمز کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے جب کہ امریکا اور چین سمیت مختلف ممالک نے بڑے عوامی پروگرامات پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔چند روز قبل اس قسم کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ ایران اور چین میں لوگوں نے ہاتھ کے بجائے پاو¿ں ملانے شروع کر دیئے ہیں جب کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے سری لنکا میں کھیل کے دوران ہاتھ ملانے سے منع کر دیا تھا۔لیکن آسٹریلیا کی ٹیم کے ہیڈ کوچ جسٹس لینگر کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹرز میچ کے دوران ہاتھ ملاتے رہیں گے اور کھلاڑیوں کے ایک دوسرے سے میل جول رکھنے کے پلان میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جائے گی۔جسٹن لینگر نے کہا کہ ہم ہاتھ ملاتے رہیں گے کیونکہ ہمارے پاس سینی ٹائزر ہیں۔جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے لاہور قلندرز کے جارح مزاج بلے باز بین ڈنک سے متعلق انتہائی دلچسپ بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے خلاف میچ میں ہم بین ڈنک کی ببل گم چھین لیں گے۔ بین ڈنک نے گزشتہ روز کراچی کنگز کیخلاف کھیلے گئے میچ میں طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے 99 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو ناقابل یقین فتح سے ہمکنار کر دیا۔ لاہور قلندرز کا اگلا میچ 10 مارچ کو یعنی منگل کے روز پشاور زلمی کیخلاف کھیلا جانا ہے اور قلندرز کی ٹیم اس میچ میں بھی جیت کا عزم لئے میدان میں اترے گی تاہم پشاور زلمی کی ٹیم بھی اس ’خطرے‘ سے بخوبی آگاہ ہے۔وہاب ریاض نے دلچسپ بیان دیتے ہوئے کہا ”ہم بین ڈنک کی ببل گم چھین لیں گے۔ وہ کمال کی کرکٹ کھیل رہے ہیں لیکن ہم ان کیخلاف باقاعدہ پلاننگ کے ساتھ میدان میں اتریں گے البتہ اپنے منصوبوں کے بارے میں ابھی آگاہ نہیں کر سکتے۔
“واضح رہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم اس وقت 9 پوائنٹس کیساتھ دوسری پوزیشن پر قبضہ جمائے بیٹھی ہے اور لاہور قلندرز کیخلاف فتح پلے آف مرحلے میں اس کی رسائی کے امکانات کو مزید روشن کر دے گی۔ وہاب ریاض نے کہا کہ ”ابھی اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ کون سی ٹیمیں پلے آف مرحلے میں پہنچیں گی اس لئے ہم اپنے بقیہ میچز بھی جیتنا چاہتے ہیں تاکہ اگلے مرحلے میں رسائی کو یقینی بنائیں۔“