نئی دہلی: دنیا کے مالدار ترین کرکٹ بورڈ کے خزانے میں ڈالرز کم ہونے لگے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل)کے آئندہ ایڈیشن کے لئے انعامی رقم نصف کردی۔ رواں برس چیمپئن ٹیم کو 20 کے بجائے 10کروڑروپے(یعنی 13.6 لاکھ ڈالرز)،رنرز اپ کو سوا چھ کروڑ جب کہ دو پلے آف میں ہارنے والی ٹیموں کو 4.37 کروڑ بھارتی روپے ملیں گے۔ منتظمین نے آئی پی ایل ٹیموں کو اس بارے میں مطلع کردیا ہے۔ اس فیصلے پر فرنچائزز نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔بورڈ کے اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سال افتتاحی تقریب بھی نہیں ہوگی۔دریں اثناء بھارتی کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ غیرملکی کرکٹرز کی ایونٹ میں شرکت یقینی بنانے کے لئے متعلقہ بورڈ کو فیس بھی اب ٹیم مالکان یعنی فرنچائز ادا کریں۔
2017ء میں طے پایا تھا کہ کھلاڑی کے معاوضے کا 20 فیصد اس کے ملکی کرکٹ بورڈ کو دیا جائے گا، ابتدا میں یہ 10 فیصد تھی جس میں بورڈ نے 10 فیصد اضافہ کردیا تھا۔ اب سیکریٹری جے شاہ کا خیال ہے کہ چونکہ فرنچائز مالکان انڈین پریمیئر لیگ سے بھاری منافع کمارہے ہیں اس لیے بی سی سی آئی اپنے 10 فیصد ادا نہیں کرےگا اور یہ فیس پہلے کی طرح صرف فرنچائز کے ذمے ہونی چاہیے۔بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ بورڈ کے اوسط درجے کے کسی ملازم کو 8 گھنٹے سے کم طوالت کے فضائی سفر کی صورت میں بزنس کلاس کا ٹکٹ بھی نہیں ملے گا۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 2020ء کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ ڈالرز (سات کروڑ 75 لاکھ پاکستانی روپے) ملیں گے۔