لاہور(ویب ڈیسک) پی ایس ایل کے تیسرے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف دیا تھا۔جسے ملتان سلطانز کی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پرپوراکرلیا۔اننگ کی خاص بات آفریدی کی دھواں دھاربلے بازی تھی ۔آفریدی نے 12 بالز پر21 رنز بنائے اورچوکے کے اختتام سے میچ کاخاتمہ کیا۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور کرس لن نے کیا، دونوں اوپنرز نے 59 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جس کے بعد کرس لن 39 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے
جب کہ کچھ ہی دیر بعد فخرزمان بھی 19 رنز بناکر پویلین چلتے بنے۔محمد حفیظ بھی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف 14 رنز بناکر عمران طاہر کا شکار بنے، کپتان سہیل اختر نے ملتان سلطانز کے بولرز کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی اور 34 رنز بنائے جس کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔ ملتان کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان شان مسعود اور جیمز ونس نے کیا۔ تاہم 24 کے مجموعی اسکور پر جیمز ونس 18 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔اس کے بعد معین علی 11، شان مسعود 38 اور ذیشان اشرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ رلی روسو 32 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ شاہد آفریدی 12 گیندوں پر 21 اور خوشدل شاہ 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اور ملتان سلطانز نے 139 رنز کا ہدف 16.1 اوورز میں با آسانی حاصل کرلیا۔لاہور کی جانب سے شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ڈیوڈ ویسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل رواں ایونٹ میں کھیلے گئے دو میچز میں کوئٹہ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جبکہ کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دی۔