Saturday November 30, 2024

دنیائے کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کی جرسی پر اردو میں نام درج کیے جائیں گے

لاہور: پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی بار کٹ پر نام اردو میں درج ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ایس ایل سیزن 5 میں ٹیموں کی کٹ پر نام اردو میں درج ہوگا۔ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کٹ پر نام انگریزی اور اردو دونوں میں درج ہوگا، تاکہ کھلاڑیوں کی پہچان دنیا بھر میں ہوسکے۔ دوسری جانب پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ پاکستان کی قومی زبان “اردو” میں کمنٹری نشر کی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کے مداحوں کو کھیل سے جوڑے رکھنے کے لیے ٹیلی ویژن میچ کی براہِ راست نشریات کے دوران انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں رواں تبصروں کا بھی اہتمام کیا ہے۔ ‏اس حوالے سے رمیز راجہ، بازید خان، وقار یونس اور عروج ممتاز اردو میں کمنٹری کریں گے۔

سابق کھلاڑیوں پر مشتمل یہ کمنٹری پینل ناظرین کو میچ کے دوران ہر اننگز میں 5 اوورز تک اردو میں کمنٹری فراہم کریں گے جو مقامی چینلز پر نشر ہوگی۔ علاوہ ازیں، پہلی مرتبہ پی ایس ایل 2020ء کےآخری تین میچوں کے دوران اسپائیڈر کیم کے ذریعے کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز کے درمیان رابطہ بھی آن فیلڈ ایکشن کے ذریعے شائقین کرکٹ کو ٹی وی اسکرینز سےجڑے رہنے پر مجبور کرے گا۔ اس دوران گراؤنڈ میں موجود کھلاڑی، کمنٹری باکس میں موجود کمنٹیٹر سے محو گفتگو ہوگا۔ پاکستان سپر لیگ 2020ء کی براڈ کاسٹ کوریج کے دوران کُل 28 کیمراز کا استعمال کیا جائے گا جس میں سپر سلو اور الٹرا موشن کیمراز بھی شامل ہیں۔ لیگ کے دوران سپائیڈر کیم اور ہاک آئی بال ٹریکنگ کا نظام چاروں شہروں، کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچوں کے دوران دستیاب ہوگا۔ اس حوالے سے پی سی بی نے پی ایس ایل کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان بھی کردیا ہے۔ آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کے سابق کرکٹر ڈرک نینِز،جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر ایچ ڈی ایکرمن، انگلینڈ کے سابق کرکٹر مارک بُچر، ڈومِنک کورک اور جنوبی افریقہ کی خاتون کمنٹیٹر کاس نائیڈو پہلی بار ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کمنٹری کریںگے جبکہ ڈینی موریسن، مائیکل سلیٹر، ایلن ولکنز اورجونٹی رھوڈز کو کمنٹری پینل میں برقرار رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 5 کا آغاز 20 فروری سے ہوگا۔

FOLLOW US