لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن سے پہلے تمام فرنچائزز اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان بڑا تنازعہ حل ہو گیا ہے اور فرنچازئز نے بینک گارنٹی جمع کرا دی ہے البتہ ملتان سلطانز کے حوالے سے کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔ تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی، کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال، اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک شعیب نوید، اور لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے معاہدے کے مطابق ادائیگی کر دی ہے۔
ملتان سلطانز کے حوالے سے کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں اور فرنچائز کے مالک علی ترین نے رابطے پر کہا کہ وہ صرف پلیئرز ڈویلپمنٹ کے معاملات دیکھ رہے ہیں فیس وغیرہ کا علم نہیں جبکہ ٹیم کے جنرل منیجر (جی ایم) حیدراظہر نے کال ریسیو نہیں کی۔بینک گارنٹی کے حوالے سے استفسار پر پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہا کہ بورڈ فرنچائزز کے ساتھ مختلف امور پر متواتر رابطے میں رہتا ہے، مگریہ بات چیت اور اس کے نتائج عوامی سطح پربیان نہیں کئے جا سکتے۔ واضح رہے کہ پی سی بی فرنچائزز کے چیک 11 نومبرکو استعمال کر لے گا جس دن فیس واجب الادا ہوگی۔ دوسری جانب گیانا ایمیزون کی قیادت کرنے والے پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک کو کیریبین پریمیر لیگ (سی پی ایل) کی ڈریم ٹیم کا بھی کپتان منتخب کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی پی ایل کی ڈریم ٹیم کا انتخاب ٹام موڈی،مارک باؤچر، ڈینی موریسن، ڈیرک نینی، این بشپ اور ڈیرن گانگا پر مشتمل پینل نے کیا جس کی قیادت شعیب ملک کو سونپی گئی ہے جبکہ ہیڈ کوچ این بوتھا کو مقرر کیا گیا ہے۔ڈریم ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں لینڈل سیمنز، برینڈن کنگ، گلین فلپس، فابیان ایلن،کیرن پولارڈ، جیسن ہولڈر، ہیڈن واش جونیئر، عمران طاہر، ہیری گرنی اور شیلڈن کاٹرل کو شامل کیا گیا ہے۔بارہویں کھلاڑی کرس گرین اور تیرہویں چندرپال ہیمراج ہیں۔