لاہور(نیوز ڈیسک) سینئراداکار فردوس جمال کے بیٹے اداکار حمزہ فردوس نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کردیا۔سینئر اداکار فردوس جمال نے کچھ عرصہ قبل ایک انٹریو میں اداکارہ ماہرہ خان کو ’ماں‘ والے کردار کرنے کا مشورہ دیا تھا اور ان کے بیٹے نے ان کے اس بیان کی حمایت کی تھی جب کہ اب انہوں نے ڈرامہ سیریل ’رانجھا رانجھا کردی‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار عمران اشرف کے کردار ’بھولا‘ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔اس بار حمزہ فردوس نے اپنے والد کی مخالفت کرتے ہوئے عمران اشرف کے کردار کی تعریف کی لیکن ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ اب مزید اپنے والد کے بیانات کا دفاع نہیں کریں گے اس لیے انہوں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرکے اپنے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ملالِ یار اور بن
بادل برسات پاکستان میں میرے آخری ڈرامے ثابت ہوں گے۔واضح رہے حمزہ فردوس ملالِ یار، بن بادل برسات، میرا نصیب، عشق زہ نصیب سمیت متعدد ڈارموں میں کام کرچکے ہیں۔خیال رہے کہ چند روز قبل حمزہ فردوس کے والد فردوس جمال نے ایک انٹرویو کے دوران نوجوان نسل کے اداکاروں کے حوالے سے کہا تھا کہ ‘آج کل کوئی بہترین پرفارمر نہیں، یہ سب ماڈلز اور شو پیس ہیں، انہیں اداکاری نہیں آتی، وہ اسٹور میں رکھے ڈمی کی طرح ہیں جنہیں الگ الگ انداز میں سجایا جاتا ہے’۔انہوں نے اپنے انٹرویو میں اداکار عمران اشرف کی اداکاری پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔معروف اداکار نے رواں سال کے آغاز میں ایک مارننگ شو کے دوران ماہرہ خان کی اداکاری کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی عمر میں اداکارائیں ہیروئن نہیں بلکہ ماؤں کا کردار ادا کرتی ہیں۔