اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے پران کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند ہونے کا خطرہ ہے۔اداکارہ ارمینا خان ہمیشہ ہی مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کے خلاف آواز اٹھاتی آئی ہیں۔ ارمینا خان وہ پہلی شخصیت ہیں جنہوں نے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی جنگ کی حمایت کی دوغلی پالیسی کو بےنقاب کرتے ہوئے انہیں یونیسیف کی خیرسگالی سفیر سے ہٹانے کا مطالبہ کیاتھا۔تاہم ارمینا خان کو سچ کہنا مہنگا پڑرہا ہے انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے جیسا کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ میں ہمیشہ کشمیرمیں انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہی ہوں۔
کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے کی صورت میں مجھے خطرے کا بھی علم ہے اور میں نے بہت سارے پراجیکٹس بھی گنوائے ہیں۔ارمینا نے کہا اب کشمیر کی حمایت کرنے پر مجھے سنسر کیا جارہاہے اور میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند ہونے کا خطرہ ہے۔ ارمینا خان نے مزید کہا حق اورسچ کے لیے آواز اٹھانے کی یہ قیمت ہے، لیکن میں رکوں گی نہیں۔واضح رہے کہ ارمینا خان نے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کے ادارےیونیسیف کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہینریٹا ایچ فور کو کھلا خط لکھا تھا جس میں پاکستانی خاتون عائشہ ملک کے ساتھ نازیبا زبان استعمال کرنے اورجنگ کی حمایت کرنے پر پریانکا چوپڑا کو امن کی سفیر سے ہٹانے کا مطالبہ کیاتھا۔