Tuesday January 21, 2025

بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ زرین خان بارے حیران کن انکشاف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی وڈ کی دنیا ہو اور افواہیں نہ ہوں یہ ہو نہیں سکتا۔ایسے سمجھ لیں کہ بالی و ڈ فلم انڈسٹری اور افواہوں کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے۔افیئربنانا ہوں،توجہ حاصل کرنی ہو یا پھر فلم کو فلاپ یا ہٹ کرانا ہوتو بالی وڈ کی دنیا میں کارگر فارمولا افواہ ہی ہوتا ہے۔یہاں آپ کسی کے خلاف افواہ اڑائیں تو چند گھنٹوں میں ساری فلم انڈسٹری میں پھیل چکی ہوتی ہے۔ تاہم کئی ایکٹرز اپنے بارے میں جان بوجھ کر افواہیں اڑاتے ہیں جس کے پیچھے ان کا ایک خاص مقصد ہوتا ہے۔بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ زرین خان نے بھی اپنے بارے میں افواہ اڑانے میں دلچسپی لی ہے مگر ان کی یہ افواہ جس قدر دلچسپ ہے اسی قدر ان کے دل کی آواز بھی ہے۔بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان کی شادیوں اور ان کی ممکنہ بیویوں کے بارے میں اکثر افواہیں خبروں کی زینت بنتی ہیں۔

53 سالہ اداکار کے پرستار ان کے بارے یہ جاننے کے لیے بہت بے چین بھی رہتے ہیں کہ وہ کب اور کس سے شادی کررہے ہیں، ان کے مداحوں میں خواتین کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔اپنی ڈیبیو فلم میں ان کی ہیروئین کا کردار نبھانے والی اداکارہ زرین خان نے بڑے دلچسپ انداز میں سلمان خان سے شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کرکے سب کو حیران کردیا۔ایک بھارتی اخبار کوانٹرویو دیتے ہوئے 32 سالہ زرین خان نے جہاں اپنے کریئر کے حوالے سے بات کی وہیں کچھ سوالوں کے دلچسپ اور مزاحیہ انداز میں جوابات دیے۔ سوالات کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے بارے میں کیا افواہ پھیلانا چاہیں گی تو انہوں نے جواب دیا کہ ’میں جو مزاحیہ افواہ اپنے حوالے سے پھیلانا چاہوں گی وہ یہ کہ سلمان خان مجھ سے شادی کررہے ہیں‘۔دونوں اداکار فلم ویر کے بعد سلور اسکرین پر فلم‘ریڈی‘ کے گانے ’کیریکٹر ڈھیلا‘ پر ڈانس کرتے نظر آئے تھے تاہم اس کے علاوہ بھی متعدد مرتبہ انہیں ملاقات کرتے دیکھا گیا ہے۔ یاد رہے کہ زرین خان کو 2010 میں سلمان خان نے اپنی فلم ’ویر‘ سے بھارتی سلور اسکرین پر متعارف کروایا تھا جس میں بہترین کارکردگی پر انہیں بیسٹ فیمیل ڈیبیو اداکارہ کا ایوارڈ بھی ملا تھا۔تاہم اب بالی وڈ میں اپنی قسمت آزمانے کے بعد زریں خان تیلگو اور پنجابی فلم انڈسٹری میں بھی کام کررہی ہیں۔

FOLLOW US