Saturday May 18, 2024

شرجیل خان کی قومی ٹیم میں واپسی سے متعلق پی سی بی نے اہم اعلان کردیا

لاہور : پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ کرکٹر شرجیل خان کی سزا 10 اگست کو ختم ہو گی۔ترجمان پی سی بی کے مطابق سزا مکمل ہونے پر شرجیل خان کو ری ہیب پروگرام مکمل کرنا ہوگا جس کے لیے کرکٹر کی طرف سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ ری ہیب مکمل ہونے پر شرجیل خان کوکرکٹ کھیلنے کی اجازت ہوگی۔

دوسری جانب کرکٹر شرجیل خان کے وکیل شیغان اعجاز نے بتایا کہ ری ہیب پروگرام کے لیے جلد پی سی بی سے رابطہ کریں گے۔واضح رہے کہ سپاٹ فکسنگ کیس میں کرکٹر شرجیل خان پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کوڈ کی پانچ شقوں کی خلاف ورزی کا الزام تھا جس کے بعد ان پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی،شرجیل خان پاکستان کی طرف سے ایک ٹیسٹ میچ ، 25ون ڈے اور 15ٹی ٹونٹی میچز کھیل چکے ہیں۔2017ءمیں پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں شرجیل خان اور خالد لطیف نے سپاٹ فکسنگ کی تھی۔ شرجیل خان پر کرکٹ سے متعلقہ سرگرمی میں حصہ لینے پر پانچ سال کی پابندی کی سزا دی تھی جس میں اڑھائی سال کی معطلی شامل تھی تاہم اس کیلئے ان کا بہتر رویہ اور مثبت سرگرمیوں کا ہونا ضروری ہے تاہم انہیں پانچ سالہ سزا میں سے اڑھائی سال پابندی کی سزا لازمی طور پر پوری کرنی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شرجیل خان نے اگست میں پابندی ختم ہونے سے پہلے خود کو کرکٹ کیلئے تیار کرنا چاہتے ہیں اور سزا مکمل ہونے سے قبل وہ کرکٹ کی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہتے تھے اور انہوں نے اس مقصد کیلئے پی سی بی کو درخواست دی تھی کہ انہیں پابندی ختم ہونے سے پہلے کرکٹ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے تاہم پی سی بی نے اسے مسترد کردیا ہے۔

FOLLOW US