Monday January 20, 2025

بالی وڈ کی ایک اور جوڑی شادی کیلئے تیار! سلمان خان کی بھابھی ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور نے شادی کی تاریخ کا اعلان کردیا

ممبئی : بالی وڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا خان اور بالی وڈ کے فلمسٹار ارجن کپور اگلے سال شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق دونوں کے قریبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ارجن کپور اور ملائکہ اروڑا نے اگلے سال شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ارجن کپور اور ملائکہ اروڑا کی عمر میں 12 سال کا فرق ہے۔

واضح رہے کہ ملائکہ اروڑا خان بالی وڈ اداکار اور ہدایتکار ارباز خان کی سابقہ اہلیہ اور بالی وڈ کے دبنگ خان سلمان خان کی بھابھی تھیں۔ جبکہ ارجن کپور معروف پروڈیوسر اور ہدایتکار بونی کپور کے حقیقی اور لیجنڈری اداکارہ سری دیوی کے سوتیلے بیٹے تھے۔ یاد رہے کہ دو سال قبل سلمان خان کے بھائی ارباز خان اور ملائکہ اروڑا کے مابین طلاق کی خبریں گردش کرنے لگیں لیکن ملائکہ نے ان خبروں پر رد عمل دینے کی بجائے چُپ سادھ لی۔ جس کے بعد نومبر 2016ء میں بالی وڈ کے فلم ساز ارباز خان اور ان کی اہلیہ ملائکہ اروڑا کے مابین 18 سالوں سے قائم ازدواجی رشتہ اپنے اختتام کو پہنچا اور دونوں ستاروں نے طلاق کے لئے فیملی کورٹ سے رجوع کر لیا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ارباز خان اور ملائکہ نے یہ فیصلہ باہمی رضامندی سے کیا ، ان کا ماننا تھا کہ کہ وہ مزید اکھٹے نہیں رہ سکتے۔
ارباز خان سے علیحدگی کے بعد ملائکہ اروڑا کو اکثر بالی وڈ کے نوجوان فلمسٹار ارجن کپور کے ہمراہ دیکھا گیا ۔سوشل میڈیا اور فلم انڈسٹری کے حلقوں میں ان کی قربتوں پر کئی چہ مگوئیاں ہونے لگیں لیکن ملائکہ اروڑا یا ارجن کپور نے کبھی بھی اپنے رشتے سے متعلق میڈیا پر بات نہیں کی۔ دونوں کو اکثر ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے دیکھا گیا۔

تاہم رواں برس سلمان خان کی سابقہ بھابھی ملائکہ اروڑا نے ایک چیٹ شو کے دوران پہلی مرتبہ اپنی اور ارباز خان کی علیحدگی سے متعلق کُھل کر بات کی اور کہا کہ ارباز سے علیحدگی کے بعد میری زندگی زیادہ پُرسکون گزررہی ہے اور میں بہت سکون میں ہوں۔ واضح رہے کہ ملائکہ اروڑا اور ارباز خان کے مابین علیحدگی کی وجہ آج تک معلوم نہیں ہو سکی نہ ہی دونوں میں سے کسی نے طلاق کی وجوہات پر بات کی تاہم میڈیا میں یہ چہ مگوئیاں ضرور ہوئیں کہ ارجن کپور اور ملائکہ کے درمیان تعلقات ملائکہ اور ارباز خان کی علیحدگی کی وجہ بنا تاہم ملائکہ نے کبھی بھی ان افواہوں کی تردید یا تصدیق نہیں کی ۔ ملائکہ اروڑا اور ارباز خان کا ایک بیٹا آرہان بھی ہے جو والدین میں علیحدگی کے بعد اپنی والدہ کے ساتھ رہتا ہے۔

FOLLOW US