بھارت کا ساتھ نبھانے کی قسم کھائی ہے عدنان سمیع نے بھارت کا فرمانبردار بنتے ہوئے اہم اعلان کردیا
ممبئی (ویب ڈیسک) گلوکارعدنان سمیع نے اپنی وفاداری ثابت کرنے کے لیے بھارت کے حق میں بیانات دینا شروع کر دئے۔ تفصیلات کے مطابق گلوکار عدنان سمیع نے کہا کہ بھارت کا ساتھ نبھانے کی قسم کھائی ہے۔ پاکستانی نژاد بھارتی گلوکار عدنان سمیع کا کہنا تھا کہ میں بھارت کا فرمانبردار شہری ہوں اور میں نے بھارت کا ساتھ دینےکی قسم کھا رکھی ہے۔واضح
رہے کہ عدنان سمیع کو پاک بھارت کشیدگی کے دوران مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی فوج کی حمایت میں پیغام دینے پر پاکستانی عوام کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور انہیں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کا رکن قرار دے کر طنز کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ گلوکارعدنان سمیع کے بھارت کے حق میں پیغامات پر سوشل میڈیا صارفین نے بھارت کی نظر میں ان کا مقام گرانے کے لیے انہیں آئی ایس آئی کا خفیہ ایجنٹ قرار دیا جس کے بعد یہ معاملہ بہت آگے نکل گیا۔سوشل میڈیا پر ایک طرف جہاں عدنان سمیع بھارت کو اپنی وفاداری ثابت کرنے میں لگے ہوئے ہیں دوسری جانب ٹویٹر پر عدنان سمیع کے ایجنٹ ہونے کے ٹویٹس نے ان کی اس کوشش پر پانی پھیر دیا ہے۔ عدنان سمیع نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بھارتی فضائیہ کی پاکستان کے خلاف ناکام کارروائی کے باوجود بھارت فضائیہ کو شاباش دی اورکہا کہ نریندر مودی کی قوم کی طاقت آپ کے ساتھ ہے۔اور ساتھ ہی بھارتی فضائیہ کے لیے بھی عقیدت کا اظہار کیا ۔جس پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں ے لیا۔ ایک صارف نے کہا کہ شاباش
عدنان! بھارت کے ساتھ اپنی وفاداری ایسے ہی دکھاتے رہیں اور پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں کو پوری طرح اپ ڈیٹ کرتے رہیں، آپ پاکستان کے اصل ہیرو ، اصل شیر ہیں۔ایک اور صارف نے کہا کہ فائٹر پائلٹ ارشد سمیع کی خواہش تھی کہ ان کا بیٹا آئی ایس آئی کے لیے انڈر کور کام کرے۔عدنان سمیع آئی ایس آئی کو بھارت اور کشمیر میں ہائی پروفائل ٹارگٹس سے متعلق آگاہ کر رہے ہیں۔ اللہ آپ کی زندگی لمبی کرے۔ایک اور صارف نے کہا کہ جانی بس ایسے ہی انڈیا میں رہ کر جاسوسی کرتا رہ، ہم آپ سے پیار کرتے ہیں ، ساتھ ہی ڈی جی آئی ایس پی آر کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سر عدنان کو پاک فوج کا ایجنٹ ہونے پر ایوارڈ وغیرہ دیں۔ٹویٹر صارف نے لکھا کہ ایسے ٹویٹس نہ کیا کرو، بھارتیوں کو شک ہو جائے گا کہ تم پاکستان کے ایجنٹ ہو ۔ لیکن ہم پھر بھی تم سے پیار کرتے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ معروف گلو کار عدنان سمیع خان بھارتی شہریت ملنے کے بعد بھارتی عوام کو خوش کرنے میں لگ گئے اور ہر موقع پر پاکستان کے خلاف زہر اُگل کر بھارت کےساتھ اپنی وفاداری ثابت کرنے کی کوشش کرتے رہتےہیں۔