کیابالی ووڈ میں خانز کادورختم ہونے کوہے ؟ نئے ابھرتے اداکارنے اندرکی بات بتادی
ممبئی (ویب ڈیسک)آنے والی فلم ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ میں سونم کپور اور انیل کپور کے ساتھ کام کرنے والے راج کمار راؤ کو اگرچہ بولی وڈ کا سپر اسٹار نہیں مانا جاتا۔تاہم ان کا شمار بھی بولی وڈ کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے، جن سے متعلق خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ آنے والے وقت میں انڈسٹری کے سپر اسٹارز ہوں گے۔ابھی تک بولی وڈ سپراسٹارز کا
اعزاز حاصل کرنے میں ’خانز‘ سب سے آگے ہیں۔خانز یعنی سلمان خان، عامر اور شاہ رخ خان کو بولی وڈ کا سپر اسٹار مانا اور سمجھتا جاتا ہے، تاہم گزشتہ سال سے ان تینوں خانز کی فلمیں ناکام ہو رہی ہیں۔اتفاق سے 2018 میں سلمان، عامر اور شاہ رخ خان کی تمام فلمیں فلاپ ہوئیں اور انہیں مداحوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔فلموں کی ناکامی کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ اب بولی وڈ میں ’خانز‘ کا دور ختم ہونے جا رہا ہے اور ان کی جگہ نئے اداکار لینے جا رہے ہیں۔بولی وڈ کے دور کے اختتام کے حوالے سے ہونے والی چہ مگوئیوں پر راج کمار راؤ نے بھی بات کی اور واضح کیا کہ ’خانز‘ کا انڈسٹری میں کیا درجہ ہے۔زوم ٹی وی سے بات کرتے ہوئے راج کمار راؤ نے نہ صرف بولی وڈ خانز کے مستقبل اور ان کے کیریئر پر بات کی بلکہ انہوں نے اپنے کیریئر اور فلموں کی پسند اور ناپسند پر بھی بات کی۔راج کمار راؤ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کے خیال میں کوئی بھی عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان کی جگہ نہیں لے سکتا اور نہ ہی یہ ہونے والا ہے۔راج کمار راؤ نے واضح کیا کہ تینوں خانز سپر اسٹارز ہیں اور ان کی انڈسٹری کے لیے بہت ساری خدمات ہیں۔اداکار
کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں اداکار اور سپر اسٹار میں فرق ہوتا ہے، وہ اور ان جیسے دیگر افراد اداکار ہیں جب کہ خانز بولی وڈ کے سپر اسٹارز ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تینوں خانز نے انڈسٹری کو بہت ہی اعلیٰ فلمیں دیں اور انہیں نہیں لگتا کہ کوئی ان کی جگہ لے سکتا ہے۔خیال رہے کہ 34 سالہ راج کمار راؤ نے کیریئر کا آغاز 2010 کی اینتھالوجی فلم ’لو سیکس اور دھوکا‘ سے کیا۔راج کمار راؤ نے اب تک 3 درجن سے زائد فلموں میں کام کیا ہے، جلد ہی ان کی رومانٹک فلم ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ ریلیز ہونے والی ہے۔راج کمار راؤ کی کامیاب فلموں میں ’راگنی ایم ایم ایس، گینگ آف واسےپور 2، ڈی ڈے، شاہد، کوئین، علی گڑھ، ٹریپڈ، نیوٹن، شادی میں ضرور آنا، فنے خان، استری اور لو سونیا‘ شامل ہیں۔