Friday October 11, 2024

ماہرہ خان کے شوہر سلیم کریم کون ہیں اور دونوں کی ملاقات کیسے ہوئی؟

پاکستان سمیت بھارت میں مقبول اداکارہ ماہرہ خان کی شادی کی ویڈیوز ان کی مینیجر نے اتوار کی شب انسٹاگرام پر پوسٹ کیں جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ خبر وائرل ہوگئی۔ ماہرہ کی شادی ان کے قریبی دوست سلیم کریم سے ہوئی ہے، ماہرہ گزشتہ روز سے ہی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر ٹرینڈ کررہی ہیں۔ گزشتہ ماہ اداکارہ کی شادی کی خبروں کا سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا تھا جس کے بعد ان کی مینیجر نے اس قسم کی صحافت کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا تھا، البتہ اب ماہرہ خان کی دوسری شادی ہوچکی ہے۔ ماہرہ خان نے شادی سے قبل ایک پروگرام میں اعتراف کیا تھا کہ ان کے سلیم کریم نامی صنعتکار سے تعلقات ہیں لیکن انہوں نے ان کے حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

سلیم کریم کون ہیں اور کیا کرتے ہیں؟

مداحوں کے ذہنوں میں جہاں کئی سوالات نے جنم لیا وہیں یہ سوال بھی دماغ میں آئے کہ آخر سلیم کریم ہیں کون اور جوڑے کی ملاقات کہاں ہوئی؟ شوبز ویب سائٹس کے مطابق سلیم کریم کراچی سے تعلق رکھنے والے اور آن لائن پیمنٹ کمپنی کے مالک ہیں۔ رپورٹس کےمطابق سلیم کریم کی کمپنی پاکستان سمیت دیگر 15 ممالک میں کاروباری حضرات کو باآسانی پیسوں کی ترسیل اور ادائیگی کی سہولیات فراہم کرتی ہے، ان کی کمپنی پاکستان کے علاوہ امریکا، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے چند ممالک میں پیسوں کی ادائیگی اور ترسیل کی سہولیات فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ سلیم کریم پروفیشنل ڈی جے بھی ہیں۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ سلیم کریم اداکارہ سے کم از کم 10 سال زائد العمر ہیں۔ دوسری جانب ایک رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ سلیم کریم کی عمر 45 سے 50 سال کے درمیان ہے، البتہ اس حوالے سے کچھ بھی حتمی نہیں۔

دونوں کی ملاقات کب اور کہاں ہوئی؟
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ماہرہ خان اور سلیم کریم کی پہلی ملاقات سال 2017 میں ایک ٹیلی ویژن ایپلی کیشن کے لانچ کے موقع پر ہوئی تھی۔ دیگر رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اداکارہ نے سال 2019 میں سلیم کریم کے ساتھ ترکی میں منگنی کی تھی، یہ تقریب خفیہ اور نجی تھی جس میں قریبی رشتے داروں اور دوستوں نے شرکت کی تھی۔

FOLLOW US