Thursday May 9, 2024

شاہ رخ خان کی فلم ‘جوان ، نے ریلیز کے پہلے دن کمائی کا نیا ریکارڈ بنا لیا

ممبئی: بھارتی اداکار شاہ رخ خان کی فلم ’’جوان‘‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن دنیا بھر سے 150 کروڑ روپے کی کمائی کرکے نیا ریکارڈ بنالیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’’جوان‘‘اب تک کی واحد اور پہلی بھارتی فلم بن گئی ہے جس نے ریلیز کے پہلے دن اپنے ملک سے زیادہ بیرون ممالک سے کمائی کی۔ شاہ رخ خان کی فلم نے ریلیز کے پہلے دن بھارت سے 65 کروڑ جب کہ باقی ممالک سے 85 کروڑ روپے کی رقم بٹوری۔یہی نہیں بلکہ’ ’جوان‘‘ صرف بھارت میں ہی پہلے دن ریکارڈ 65 کروڑ روپے کمانے والی پہلی فلم بن گئی اور پہلی بار کسی بالی و وڈ فلم نے جنوبی بھارتی فلموں یعنی تامل اور تیلگو زبان میں بننے والی فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اس سے قبل رواں برس جنوری میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’’پٹھان‘ ‘بھی پہلے دن ریکارڈ یعنی 57 کروڑ روپے کمانے والی بھارتی فلم بنی تھی۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق ’’جوان‘ ‘نے بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک سے مجموعی طور پر 150 کروڑ روپے بٹورے جو اس سے قبل کسی بھی بھارتی فلم نے نہیں بٹورے تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم نے بیرون ممالک میں سے سب سے زیادہ آسٹریلیا سے جب کہ دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ سے کمائی کی ۔

FOLLOW US