Friday November 22, 2024

رجنی کانت کی فلم کی ریلیز،جنوبی بھارت میں تہوار کا سماں ،دفاتر میں ملازمین کو چھٹی

چنئی : جنوبی بھارت کے میگا اسٹار رجنی کانت کی نئی فلم ’جیلر‘ کی ریلیز میں صرف دو دن باقی رہ گئے ہیں تاہم اس کی ریلیز سے قبل جنوبی انڈیا میں تہوار کا سا سماں ہے۔ ’جیلر‘ رجنی کانت کی دو برسوں کے بعد ریلیز ہونے والی پہلی فلم ہے جس کے لیے اُن کے مداح بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں جب کہ اس فلم سے بھی فُل انٹرٹینمنٹ کی امید لگائی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فلم کی ریلیز کے دن انڈیا کے شہروں بنگلور اور چنئی میں دفاتر نے اپنے ملازمین کو چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

صرف یہی نہیں، کچھ کمپنیوں نے تو اپنے ملازمین کو مفت ٹکٹ بھی دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فلم 10 اگست کو انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں کی زینت بننے والی ہے اور اس دن بڑی تعداد میں چھٹی کی درخواستوں سے بچنے کے لیے کمپنیوں نے ملازمین کو چھٹی دینے کا اعلان کیا ہے۔ چھٹی کے اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’ہم فلم کی اینٹی پائریسی نہ کرنے کو سپورٹ کرتے ہوئے ایک قدم آگے بڑھ کر اپنے ملازمین کو فلم کے مفت ٹکٹ دینے کا بھی اعلان کرتے ہیں۔‘ دوسری جانب فلموں کے ڈیٹا بیس کی ویب سائٹ ’آئی ایم ڈی بی‘ کے مطابق 10 اگست کو ریلیز ہونے والی اِس فلم کی کہانی ایسے جیلر کے گرد گھومتی ہے جو جیل میں قید گینگ کے ایک سرغنہ کو گینگ کی جانب سے جیل سے نکالنے پر روکتا ہے۔ اس فلم میں رجنی کانت، موہن لال، جیکی شروف اور تمنا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ اس کی ہدایتکاری نیلسن دلیپ کمار نے کی ہے۔

FOLLOW US