Sunday January 19, 2025

انجلینا جولی کی پاک فوج کی تعریف، ہر جگہ زندگیاں بچاتےاور امدادی سرگرمیوں میں مصروف دیکھا

کراچی : اداکارہ انجلینا جولی کا کہنا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ہر جگہ پاکستانی فوج کو عوام کی مدد کرتے اور زندگیاں بچاتے دیکھا، میں نے ایسی تباہی اپنی زندگی میں کہیں نہیں دیکھی، آنے والے ہفتوں میں بھرپور مدد نہ پہنچی تو بچنے والے بھی نہیں بچیں گے۔تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی نے نیشنل فلڈ رسپانس کو آرڈینیشن سینٹر کا دورہ کیا۔اس دوران انہوں نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاک فوج کی کوششوں کو سراہنے کے علاوہ عالمی برادری کے نام خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔ اداکارہ نے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں بھی گئیں، ہر جگہ پاکستانی فوج کو عوام کی مدد کرتے اور زندگیاں بچاتے دیکھا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر، ہالی وڈ اداکارہ اینجلینا جولی کے مزید دو روز پاکستان میں قیام کا امکان ہے ،اینجلینا جولی سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے ساتھ امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گی،دورے کے پہلے دن انجلینا جولی نے سندھ میں دادو کے پانی میں گھرے علاقوں کا فضائی جائزہ لیا اور کشتی کے ذریعے بھی متاثرہ علاقوں میں گئیں۔انجلینا جولی اس سے پہلے 2010 کے سیلاب اور 2005 کے زلزلے کے متاثرین سے ملاقات کیلئے بھی پاکستان آچکی ہیں۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر)کی نمائندہ خصوصی اور ہالی وڈ اداکارہ اینجلینا جولی پاکستان میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیں گی۔

FOLLOW US