کراچی (ویب ڈیسک )پاکستانی ڈرامہ سٹار اشنا شاہ کینیڈین یوٹیوبر کی جانب سے پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے دورے کے بعد کی جانے والی تنقید پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کو یوٹیوب ویزے جاری کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2 روز قبل کینیڈین وی لاگر روزی گیبریئل نے سوشل میڈیا پر پاکستان کےشمالی علاقہ جات خصوصاً ہنزہ کی حالت زار پر روشنی ڈالنے کیلئے اپنے ٹرپ کی چند تصاویر شیئر کیں ، انہوں نےہنزہ کی ثقافت اور خوبصورتی کو منشیات اور مقامی پارٹیز کے باعث تباہ کرنے کا مورد الزام مقامی سیاحوں کو قرار دیا۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ کیسے ہنزہ کو اس حالت میں دیکھ کران کو تکلیف پہنچی،
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دورے کے دوران ایک چیز محسوس کی جسے فوری طور پر توجہ دی جانی چاہیے، کورونا کی وجہ سے بیرون ملک سفر محدود ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے اندرون ملک سیاحت کو فروغ ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی لوگوں نے بڑی تعداد میں شمالی علاقہ جات کا رخ کیا مگر بجائے اپنی مسکراہٹ لے کر آنے اور اچھی یادیں لے جانے کے لوگ برے رویے، منشیات، بے حیائی، رقص کی محفلوں سمیت بہت سا گند چھوڑ جاتے ہیں، میرے برے تجربات میں سے ایک پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی جانب سفر بھی شامل ہے، مجھے وہاں مقامی سیاحوں کی وجہ سے جتنی پریشانی اٹھانی پڑی اس کے باعث میں زیادہ تر وقت ذہنی کوفت کا شکار رہی۔روزی گیبریئل کا تنقیدی بیان پاکستان کی مشہور اداکارہ اشنا شاہ کو ایک آنکھ نہ بھایا اور انہوں نے اس بیان پر جواب دیتے ہوئے کینیڈین یوٹیوبر کو کھری کھری سنادیں۔انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اشنا شاہ نے روزی گیبریئل کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں درست ہونے کیلئے آپ کی کوئی ضرورت نہیں ہے، ہمیں فیصلہ سنادینے والے، ہتک آمیز ، گورے نجات دہندہ بننے کی کوشش کرنے والے لوگوں کو پسند نہیں آتے۔اشنا شاہ نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کو یوٹیوب ویزے جاری کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔