Sunday January 19, 2025

”اور اللہ جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلت دے“ صبا قمر کااپنے خلاف فتویٰ دینے والے مفتی عزیز کی غیر اخلاقی ویڈیوپر ردعمل

لاہور : دو روز قبل مفتی عزیزالرحمان کی طالب علم کے ساتھ غیر اخلاقی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کے بعد مدرسے کی انتظامیہ نے مفتی عزیزالرحمان کو مدرسے سے نکال دیا تھا۔۔مفتی عزیز الرحمن کی ویڈیو پر سول سوسائٹی سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے جڑے افراد مذمتی بیانات دے رہے ہیں مگر ایسے میں ایک بیان مشہور پاکستانی اداکار صبا قمر کی جانب سے بھی آیا۔ معروف اداکارہ صبا قمر نے اپنے خلاف فتوی دینے والے مفتی عبدالعزیز کی غیر اخلاقی ویڈیو کے معاملے پر ردِعمل دیا ہے۔ مفتی عزیز الرحمن کی حال ہی میں غیر اخلاقی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صبا قمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے آیت پوسٹ کی جس کا ترجمہ ہے ’اور اللہ جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلت دے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ گذشتہ برس لاہور کی مسجد وزیر خان میں ایک گانے کی شوٹنگ کرنے پر صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا کیونکہ دونوں نے ڈانس کا سین مسجد میں فلمایا تھا۔ صبا قمر پر تنقید کرنے والوں میں مفتی عزیزالرحمن بھی شامل تھے اور انہوں نے صبا قمر پر توہین مذہب کا الزام بھی عائد کر دیا تھا۔ دوسری جانب جے یو آئی ضلع لاہور کے نائب امیر مفتی عزیزالرحمان کے مدرسے کے طالبعلم کیساتھ زیادتی کے واقعہ کے بعد جامعہ منظور الاسلام لاہور کی انتظامیہ نے مفتی عزیز الرحمان کو مدرسے سے نکال دیا ہے جبکہ وفاق المدارس العربیہ نے اس شرمناک واقعہ کے بعد جامعہ منظور الاسلام لاہور کینٹ کا الحاق ختم کر دیا ہے، وفاق المدارس العربیہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق مفتی عزیزالرحمان نے طالبعلم صابر کا جنسی استحصال کیا ہے، جس سے نہ صرف دینی مدارس بلکہ وطن عزیز پاکستان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ وفاق المدارس العربیہ کے مطابق اس جرم کی پاداش میں ادارہ ’’مدرسہ منظور الاسلام لاہور کینٹ‘‘ کا الحاق ختم کرنے کا اعلان کرتا ہے، وفاق کی جانب سے کہا گیا کہ دوسرے مرحلے میں مفتی عزیزالرحمان کی اسناد بھی منسوخ کر دی جائیں گی، وفاق المدارس العربیہ کی جانب سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بھی کہا گیا کہ مذکورہ مفتی کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

FOLLOW US