لاہور : مختلف تنازعات کی وجہ سے خبروں کی زینت بننے والی ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کے خلاف شہری نے اندارج مقدمہ کے لیے تھانہ انارکلی میں درخواست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق معروف ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کے خلاف چوہدری آصف نواز ایڈووکیٹ کی جانب سے لاہور کے تھانہ انار کلی میں ایک درخواست دی گئی ہے، جس میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ حریم شاہ کی طرف سے سوشل میڈیا پر فائرنگ کی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی ، حریم شاہ کی فائرنگ سے معاشرے میں خوف و ہراس پھیلا ، کیوں کہ فائرنگ کی وجہ سے کوئی بھی شہری قتل یا زخمی ہو سکتا تھا ، حریم شاہ کا یہ عمل غیر قانونی ہے لہذا ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب ٹک ٹک سٹار حریم شاہ نے ویڈیو لیک ہونے کے ڈر سے سائبر کرائم سے رابطہ کرلیا ، تفصیلات کے مطابق دوسروں کی ویڈیوز لیک کرنے والی ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کو اپنی ویڈیو لیک ہونے کا خطرہ لگ گیا ، جس کی وجہ سے ٹک ٹاک گرل حریم شاہ خود بڑی مشکل میں پھنس گئیں ، حریم شاہ نے اپنی دوست عائشہ شاہ کے خلاف سائبر کرائم سے رابطہ کرلیا ہے۔ حریم شاہ کا کہنا ہے کہ عائشہ نے میری دستاویزات چرا کر بلیک میل کرنا شروع کر دیا ہے ، عائشہ نے اپنے بوائے فرینڈ سے مل کر مجھے ہراساں کیا ، حریم شاہ کا کہنا ہے کہ اس کا پاسپورٹ بھی چوری ہو گیا ہے ، حریم شاہ کا کہنا ہے کہ اس کی کچھ ایسی ویڈیوز عائشہ کے پاس موجود ہیں جن کی بنا پر اسے بلیک میل کر رہی ہے ، اسی صورت حال کے پیش نظر انہوں نے سائبر کرائم سے رابطہ کیا ہے۔
قبل ازیں پولیس نے اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ شریف میں حریم شاہ پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کیا تھا ، متنازع ٹک ٹاکر اسٹار حریم شاہ نے اپنے اوپر مبینہ قاتلانہ حملے کا مقدمہ اپنی سہیلی اور اس کے ساتھی بہادر شیر کے خلاف درج کروایا ، ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ حریم شاہ کو فلیٹ میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ، حریم شاہ نے اپنی درخواست میں کہا کہ وہ ایک شریف شہری اور کراچی کی رہائشی ہیں ، اسلام آباد ایک شو کے لیے آئی تھی اور پروڈیوسر کی طرف سے دیے گئے فلیٹ میں مقیم تھی کہ عائشہ ناز اور اس کے ساتھی بہادر شیر آفریدی نے انہیں فلیٹ میں گھس کر مارا پیٹا جس کے بعد فون کر کے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں ، پولیس نے حریم شاہ کی درخواست پر ملزمان کے خلاف قتل،سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور خاتون کی بے حرمتی کے الزام میں دفعہ 452,506 اور 354 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم پولیس نے تاحال کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا۔