ممبئی (ویب ڈیسک )بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ پر دہلی ہائیکورٹ نے 20 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔دہلی ہائیکورٹ نے اداکارہ کی بھارت میں 5 جی ٹیکنالوجی کے استعمال کیخلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے سستی شہرت حاصل کرنے کا ایک ذریعہ قرار دیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اداکارہ نے سستی شہرت کیلئے مقدمے اور عدالتی کارروائی کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔عدالت نے اداکارہ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان پر 20 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ نے اپنے ملک میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے استعمال کیخلاف درخواست دائر کر رکھی تھی۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا تھا
کہ ٹیکنالوجی کی ریس میں بھارت بھی دنیا کے ساتھ کھڑا ہونے کی کوشش کررہا ہے اور ایسے میں جہاں ترقی یافتہ ممالک میں فائیو جی کی ٹیسٹنگ شروع ہوگئی ہے وہیں بھارت نے بھی ملک میں فائیو جی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ اس فیصلے کے خلاف عدالت پہنچ گئی تھیں۔اداکارہ کا ماننا ہے کہ زیادہ تابکاری کے اخراج کے حوالے سے ہماری اپنی تحقیق یہ بتاتی ہے کہ بغیر تار والے گیجٹس اور نیٹ ورک سیل ٹاور سے نکلنے والی تابکاری کی وسیع مقدار انسانی جانوں کے لیے خطرناک ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ یہ ناصرف انسانی صحت پر اثرانداز ہوں گی بلکہ لوگوں کی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔