اسلام آباد(نیو زڈیسک) اداکارہ جیا علی خاموشی سے رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں۔متعدد سوشل میڈیا پیجز اور شوبز ویب سائٹس کی خبروں کے مطابق جیا علی نے 27 مئی کو پاکستانی نژاد ہانگ کانگ کے صنعت کار، پروفیشنل کرکٹ کوچ اور وفاقی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے یورپ کے عہدیدار عمران ادریس سے شادی کی۔ جیا علی کے نکاح کی تقریب صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی تاریخی ’بادشاہی مسجد‘ میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں کے قریبی رشتہ داروں، انتہائی خاص دوستوں اور پیشہ ور فوٹو و ویڈیوگرافرز نے شرکت کی۔نکاح کی تقریب سادگی سے منعقد کی گئی تھی جب کہ کورونا ایس او پیز کے تحت کم سے کم مہمانوں کو دعوت دی گئی تھی۔
اداکارہ کے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور متعدد شوبز سوشل میڈیا پیجز سمیت ویب سائٹس نے بھی ان کی شادی کی خبریں شائع کیں۔نکاح کے موقع پر اداکارہ نے کچھ قریبی افراد سے بات کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وہ شادی کے کچھ عرصے بعد شوبز میں دوبارہ واپسی بھی کریں گی لیکن فی الحال وہ کچھ عرصے کے لیے شوبز سے دور رہیں گی۔خیال کیا جا رہا ہے کہ اداکارہ شادی کے بعد شوہر کے ہمراہ ہانگ کانگ منتقل ہوجائیں گی اور فوری طور پر دونوں کی جانب سے عام مہمانوں کے لیے شادی کی تقریب بھی منعقد کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔جیا علی کی آخری فلم ’سایہ خدائے ذوالجلال‘ 2016 میں ریلیز ہوئی تھی جب کہ وہ آخری مرتبہ 2020 میں ریلیز ہونے والے ڈرامے ’میرا من رکھنا‘ میں ثانیہ سعید سمیت دیگر اداکاروں کے ساتھ ایکشن میں دکھائی دیں تھی۔جیا علی نے نصف درجن سے زائد فلموں سمیت 2 درجن کے قریب ڈراموں میں بھی اداکاری کی جب کہ انہوں نے فیشن ماڈلنگ میں بھی خوب نام کمایا۔