Tuesday January 21, 2025

فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے بعد ہالی ووڈ ہیرو ’ہلک‘ کا اسرائیل پر پابندیوں کا مطالبہ

نیویارک : دی اوینجرز، تھور: رنگناروک، کیپٹن مارول، اوینجرز اینڈ گیم، اوینجرز آف الٹرون اور آئرن مین 3‘ جیسی فلموں میں ہولی وڈ سائنس فکشن سپر ہیرو کا کردار ادا کرنے والے اداکار مارک رفالو نے اسرائیل پر پابندیوں کا مطالبہ کردیا۔مارک رفالو نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں کی جانے والی حالیہ جارحیت کے پیش نظر اپنی ٹوئٹ میں ایک آن لائن پٹیشن کا لنک شیئر کرتے ہوئے اسرائیل پر جنوبی افریقہ پر نسل کشی کے فسادات کے دوران لگائی گئی پابندیوں جیسا مطالبہ کیا۔ مارک رفالو نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ اسرائیل کی حالیہ کارروائیوں کے دوران 1500 فلسطینوں کو نقل مکانی کا سامنا کرنا پڑا، 200 مظاہرین زخمی اور 9 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں آن لائن پٹیشن کا لنک شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جنوبی افریقہ میں سیاہ فام افراد کی نسل کشی کو روکنے کے لیے اس پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں، جن کا فائدہ بھی ہوا تھا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جنوبی افریقہ کی طرح اسرائیل پر بھی فری فلسطین کے لیے پابندیاں لگائی جائیں۔ انہوں نے شیخ جراح کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔مارک رفالو نے سیکیور آواز نامی فلاحی تنظیم کی جانب سے اسرائیل پر پابندیوں کے مطالبے کیلئے بنائی گئی آن لائن پٹیشن کا لنک شیئر کیا، جس میں امریکا سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ اسرائیل پر پابندیاں نافذ کی جائیں۔ مذکورہ آن لائن پٹیشن پر محض چند دن میں 17 لاکھ سے زائد افراد نے دستخط کرلیے تھے ، پٹیشن کو اگلے مرحلے تک لے جانے کے لیے 20 لاکھ افراد کے دستخط مطلوب تھے۔مذکورہ پٹیشن میں امریکی وزارت خارجہ اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل بھی جنوبی افریقی طرز کی پابندیاں نافذ کی جائیں تاکہ وہاں فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکا جا سکے۔مارک رفالو کی ٹوئٹ پر درجنوں افراد نے کمنٹس کیے اور ان کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت کرنے پر ان کی تعریفیں بھی کی گئیں تاہم بعض افراد نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور انہیں یاد دلایا کہ حالیہ دنوں میں اسرائیل پر بھی حملے کیے گئے ہیں۔
مارک رفالو کی ٹوئٹ کو پاکستانی اداکارہ اشنٰی شاہ نے بھی ری ٹوئٹ کیا اور لوگوں کو بتایا کہ وہ مذکورہ ٹوئٹ کرکے فکشنل کردار ’ہلک‘ ادا نہیں کر رہے۔اشنیٰ شاہ نے مارک رفالو کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ہولی وڈ کی بڑی فرنچائز کے ساتھ کام کرنے پر انہوں نے ہمیشہ ان کی اداکاری کو پسند کیا ہے

مگر اب ان کے دل میں اداکار کی عزت مزید بڑھ گئی۔خیال رہے کہ فلسطینیوں پر اسرائیل کے حالیہ حملوں کی مارک رفالو کے علاوہ بھی متعدد معروف شوبز شخصیات نے مذمت کی ہے جب کہ امریکی سپر ماڈل جی جی اور بیلا حدید نے اسرائیلی مظالم پر دنیا کی خاموشی پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ اسرائیلی مظالم کے خلاف بولی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر سمیت متعدد پاکستانی، عرب، برطانوی و امریکی اداکاروں و گلوکاروں بھی آواز اٹھائی اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی اور سماجی رہنما گریٹا تھونبرگ نے بھی فلسطینیوں کی حمایت میں ٹوئٹس کی تھیں۔

FOLLOW US