Thursday January 23, 2025

گلوکار محسن عباس حیدر کیساتھ معاشقہ چلانے کے الزامات پر بالآخر اداکارہ نازش جہانگیر نے خاموشی توڑدی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) اداکارہ نازش جہانگیر نے انتہائی کم وقت میں بہت نام بنایا ہے تاہم بدقسمتی سے وہ اس وقت کئی تنازعات کا شکار ہوگئیں جب گلوکار محسن عباس حیدر کی سابق بیوی نے اداکارہ نازش کو بھی اپنے گھریلو جھگڑے میں گھسیٹ لیا اور ان پر محسن عباس کے ساتھ معاشقہ چلانے کا الزام عائد کر دیا۔ نازش جہانگیر اب تک اس معاملے پر خاموش رہیں، تاہم اب انہوں نے دنیا کو حقیقت بتا دی ہے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق نازش جہانگیر نے کہا ہے کہ اب تک میں اس لیے خاموش رہی تاکہ یہ معاملہ زیادہ گھمبیر نہ ہو اور دوسرے میری پرورش اس طرح کی نہیں ہوئی کہ میں ایسی شرمناک الزامات پر اسی لہجے میں بول سکوں۔ میں کبھی کسی دوسرے شخص کی کردار کشی کا سوچ بھی نہیں سکتی، خواہ وہ میرا دشمن ہی کیوں نہ ہو۔

نازش جہانگیر نے بتایا کہ” اس سارے عرصے میں مجھے میری فیملی، بالخصوص میرے والد کی بھرپور سپورٹ مہیا رہی۔ یہ فاطمہ سہیل اور محسن عباس حیدر کا معاملہ تھا، جسے وہ خود عوام کے سامنے لے کر آئے۔ مجھے فاطمہ سہیل کی طرف سے عائد کیے گئے گھٹیا الزام سے کوئی فرق نہیں پڑا اور نہ ہی اس سے میرا کیریئر متاثر ہوا۔ میں نے ان کے الزامات کا خاموشی کے ساتھ مقابلہ کیا۔میں بھی اگر فاطمہ سہیل کی طرح آ کر واویلا مچا دیتی تو صورتحال مزید تکلیف دہ ہو جاتی۔ میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو دوسروں کی عزت اچھالتے ہیں۔ میں سامنے بیٹھ کر آپ کے ساتھ لڑائی کر سکتی ہوں مگر دس لوگوں میں آپ کی بے عزتی نہیں کر سکتی۔اس دوران میرے باپ نے مجھے ایک بات کہی تھی کہ بیٹا گھر کے دروازے تمہارے لیے ہر وقت کھلے ہیں، میں تمہارے ساتھ ہوں اور اللہ تمہارے ساتھ ہے، بس ایک کام کرنا، اس معاملے پر بولنا نہیں۔

FOLLOW US