ممبئی (ویب ڈیسک) حال ہی میں اپنے والد کو کھونے والی معروف بھارتی اداکارہ حنا خان نے کہا ہے کہ وہ ایک بےبس بیٹی ہیں جو مشکل گھڑی میں اپنی والدہ کے ساتھ نہیں۔ کورونا وائرس کا شکار حنا خان نے قرنطینہ سے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی کچھ تصویریں شیئر کی ہیں جن میں وہ چہرے پر ماسک لگائے کھڑکی سے باہر دیکھ رہی ہیں۔ حنا خان نے اپنی تصویروں کو جذباتی کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں ایک بےبس بیٹی ہوں کیونکہ میں اپنی ماں کو تسلّی دینے کے لیے اُن کے ساتھ موجود نہیں ہوں، اس مشکل میں میری ماں کو میری سب سے زیادہ ضرورت ہے لیکن بدقسمتی سے، میں اُن کے ساتھ نہیں۔‘
اُنہوں نے صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’یہ وقت صرف ہمارے لیے مشکل نہیں ہے بلکہ پوری دُنیا کے لوگوں کے لیے بہت تکلیف دہ ہے، لوگ مجھے مضبوط کہتے ہیں اور میں ہو، میں ہمیشہ اپنے والد کی مضبوط بیٹی رہوں گی۔‘آخر میں اُنہوں نے مداحوں سے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کرنے کی اپیل بھی کی۔ خیال رہے کہ حنا خان بھی کورونا وائرس کی شکار ہوگئیں اور اُنہوں نے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ بھی کرلیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ان کے اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے بہت چیلنجنگ ہے کیونکہ ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس حوالے سے تمام احتیاطی تدابیر بھی اپنا لی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حنا خان کے والد دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے، حنا خان جو کام کے سلسلے میں کشمیر میں تھیں والد کے انتقال کی خبر سن کر ممبئی روانہ ہو گئی تھیں۔حنا خان اپنے والد کے کافی قریب تھیں، وہ اکثر سوشل میڈیا پر بھی اپنے والد کے ساتھ خاص لمحوں کو شیئر کرتی رہتی تھیں۔