Thursday November 28, 2024

معروف فوک گلوکار شوکت علی انتقال کرگئے شوکت علی جگر کے عارضے میں مبتلا تھے

لاہور : پاکستان کے معروف فوک گلوکار شوکت علی انتقال کرگئے ہیں، شوکت علی جگر کے عارضے میں مبتلا تھے، وہ لاہور سی ایم ایچ میں زیرعلاج تھے۔ تفصیلات کے مطابق اہلخانہ نے تصدیق کی ہے کہ فوک گلوکار شوکت علی انتقال کرگئے ہیں، شوکت علی جگر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ گزشتہ روز یکم اپریل کو معروف گلوکار شوکت علی کی طبیعت مزید ناساز ہوگئی تھی۔ ان کے بیٹے امیر شوکت علی نے بتایا تھا کہ والد کی حالت نازک ہے، اور ان کا جگر بالکل کام نہیں کررہا، عوام سے درخواست ہے کہ میرے والد کی صحت یابی کے لئے دعا کریں۔

فوک گلوکار شوکت علی طویل عرصے سے جگر کے عارضے میں مبتلا تھے، گزشتہ برس وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر انہیں سندھ کے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ کئی روز زیر علاج رہے تاہم پھر اکتوبر 2020 میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی ہدایت پر انہیں سی ایم ایچ لاہور میں داخل کرایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ گجرات ملاکوال کے فنکار گھرانے تعلق رکھنے والے فوک گلوکار شوکت علی نے صوفیانہ کلام اور پنجابی گانوں کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا، شوکت علی کو غزل ، گیت ، قومی ترانے اور پنجابی لوک گیتوں میں منفرد مقام تھا۔ شوکت علی کو1963 میں موسیقارایم اشرف نے فلم تیس مار خان میں متعارف کرایا۔ 1982 میں نئی دلی میں ہونے والے ایشین گیمز میں براہ راست پرفارمنس دی۔ 1965ء کی جنگ میں ان کا گایا ہوا ملی نغمہ، ’’جاگ اٹھا ہے سارا وطن‘‘ اب بھی جوانوں کا لہو گرماتا ہے۔ 1965 اور1971 کی جنگوں میں شوکت علی کے ملی نغموں نے قوم کا خون گرمایا۔ گلوکار شوکت علی کو 1976 میں ’’وائس آف پنجاب‘‘ ایوارڈ ملا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے 1990 میں شوکت علی کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

FOLLOW US