ممبئی : بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی بیٹی کے والدین بن گئے ہیں ۔ اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر ویرات کوہلی نے اعلان کیا کہ آخر کار وہ اور ان کی اہلیہ ایک بچی کے والدین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم اپنے چاہنے والوں کے ساتھ یہ خوشی کی خبر شیئر کرنا چاہتے ہیں کہ آج سہ پہر ہم بیٹی کے والدین بنے ہیں، انہوں نے مزید لکھا کہ انوشکا اور بیٹی دونوں صحت مند ہیں اور ہم اپنی زندگی کے اس نئے باب کا آغاز کرنے پر بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ آپ اس وقت ہماری پرائیوسی کا احترام کریں گے‘‘۔
یاد رہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے 2017ء دسمبر میں اٹلی میں شادی کی تھی، ان کی شادی کی تقریبات میں صرف خاندان کے افراد اور قریبی دوست شامل تھے۔ انوشکا اور ویرات کی شادی سے قبل اٹلی میں ان کی منگنی اور مہندی کی رسومات ہوئیں، جس کے بعد بھارت واپس آکر ان دونوں نے دہلی اور ممبئی میں شادی کے استقبالیہ منعقد کیے تھے۔ جس کے بعد 2018ء میں انوشکا شرما کے حوالے سے یہ خبریں بھارتی میڈیا میں وائرل تھیں کہ وہ امید سے ہیں جس پر اداکارہ نے ان خبروں پر وضاحت کرتےہوئے حیران کن جواب دیا تھا۔ ایک انٹرویو کے دوران اپنے امید سے ہونے کی خبروں پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ نہ جانے لوگوں کے پاس ایسی خبریں کہاں سے آجاتی ہیں۔ انوشکا شرما کا کہنا تھا کہ امید سے ہونا، کوئی عام بات نہیں، جسے چھپایا جاسکے۔
انوشکا شرما نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ انہیں اس بات پر تعجب ہوتا ہے کہ ’لوگ کسی بھی خاتون کو شادی سے قبل حاملہ اور امید سے ہونے سے پہلے ہی اسے ماں بنا دیتے ہیں‘۔ بعدازاں گزشتہ برس جولائی میں بھی انوشکا شرما نے حاملہ ہونے کی افواہوں سے متعلق ایک بار پھر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایک اداکارہ شادی کرتی ہے تو اس کے بعد اگلا سوال اس کے حاملہ ہونے سے متعلق پوچھا جاتا ہے۔