نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی فضائیہ نے بالی وڈ اداکار انیل کپور کی فلم کے ٹیزر میں فورس کی وردی کے غلط استعمال پر ناگواری کا اظہار کیا ہے۔بھارت کے معروف ہدایتکار انوراگ کشیاپ اور اداکار انیل کپور کی فلم آن لائن ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلیکس پر ’اے کے ورسز اے کے‘ 24 دسمبر کو ریلیز ہونی ہے۔فلم میں انیل کپور بھارتی فضائیہ کے آفیسر کا کردار ادا کررہے ہیں، حال ہی میں فلم کا ٹریلر جاری کیا گیا ہے جسے مداحوں کی جانب سے پسند کیا گیا،انیل کپور کے ہی اکاؤنٹ سے اسی فلم کا ایک ٹیزر جاری
کیا گیا جس میں وہ بھارتی فضائیہ کا یونیفارم پہنے ہوئے ہیں اور انوراگ کشیاپ ان کے پاس آتے ہیں، ٹیزر میں انیل کپور نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہیں اور ساتھ ہی اگلے سین میں شراب کے نشے میں دھت رقص کرتے نظر آتے ہیں،اس ٹیزر پر بھارتی ائیرفورس نے بھی ردعمل کا اظہار کیا ہے اور اسے نامناسب قرار دیا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے مطابق ویڈیو میں بھارتی فضائیہ کی وردی پہن کر غلط اور نامناسب زبان استعمال کی گئی ہے، بھارتی فضائیہ کے اہلکار اس طرح کا رویہ نہیں اختیار کرتے لہٰذا ان مناظر کو ہٹایا جائے اس کے جواب میں بالی وڈ اداکار انیل کپور نے معافی مانگی ہے اور ویڈیو بیان میں کہا کہ بھارتی فضائیہ کے یونیفارم میں نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر معافی مانگتے ہیں اور یہ نادانستہ طور پر ہوا ہے۔انہوں نے وضاحت میں کہا کہ اس سین کا مقصد کسی کے جذبات کو مجروح کرنا نہیں بلکہ یہ فلم میں آفیسر کا کردار ہے جو اپنی بیٹی کو تلاش کرتا ہے، میری یا فلم کے ہدایتکار کی جانب سے اس کا مقصد بھارتی فضائیہ کی بے عزتی کرنا نہیں تاہم بھارتی ائیرفورس کی ٹوئٹ کے بعد بھی یہ مناظر انیل کپور نے اپنے اکاؤنٹ سے ہٹائے نہیں ہیں۔