لاہور (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اپنی آل ٹائم فیورٹ ٹیم کے نام بتا دیئے، ان کی پسندیدہ ٹیم میں کئی پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں تاہم قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان ان کی آل ٹائم الیون کا حصہ نہیں بن سکے۔ تفصیلات کے مطابق شاہد خان آفریدی نے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کے فیس بک صفحے پر گفتگو کرتے ہوئے اپنی آل ٹائم فیورٹ پلیئنگ 11 کے نام بتائے۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کی پسندیدہ الیون میں سعید انور شامل ہوں گے ، وہ سعید انور کی بلے بازی سے بہت زیادہ لطف اندوز ہوتے تھے کیوں کہ ان دونوں کا بیٹنگ کرنے کا سٹائل بھی کافی ملتا جلتا تھا ۔
شاہد آفریدی نے اپنی پسندیدہ ٹیم کے مزید کھلاڑیوں میں ایڈم گلکرسٹ(آسٹریلیا)، رکی پونٹنگ(آسٹریلیا)، سچن ٹنڈولکر(بھارت)، انضمام الحق(پاکستان)، جیک کیلس(جنوبی افریقہ)، راشد لطیف(پاکستان)، وسیم اکرم(پاکستان)، گلین میگراتھ (آسٹریلیا)، شعیب اختر (پاکستان) اور شین وارن(آسٹریلیا) کو رکھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک آل رائونڈر ہونے کی وجہ سے انہیں بھی دنیا بھر کے بہترین آل رائونڈرز پسند ہیں۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ نئی اور پرانی گیند کے ساتھ بائولنگ کرنے کے بادشاہ ہیں، انہوں نے دنیا کے تیز ترین فاسٹ بائولر شعیب اختر کو بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کو 1992ء کا ورلڈ کپ جتوانے والے سابق کپتان اور موجودہ وزیراعظم عمران خان شاہد آفریدی کی آل ٹائم الیون میں جگہ نہیں بنا سکے۔