Friday November 29, 2024

عروہ حسین اور فرحان سعید کے مابین طلاق کی خبریں اہلخانہ کا موٴقف سامنے آگیا، تمام حقائق بتا دیے

لاہور (ویب ڈیسک) گذشتہ دو تین روز سے سوشل میڈیا پر ماڈل و اداکارہ عروہ حسین اور ان کے شوہر فرحان سعید کے مابین علیحدگی اور طلاق کی خبریں گردش کر رہی تھیں، ان خبروں میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دونوں میں اختلافات کی بنا پر علیحدگی ہو گئی ہے اور یہ کہ دونوں جلد مکمل طور پر اپنی راہیں جُدا کر لیں گے تاہم اب عروہ حسین کے والد نے ان تمام خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے عروہ حسین کے والد مخدوم چوہدری نے کہا کہ میری بیٹی اور داماد خوشی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے عروہ حسین کی طلاق کا معاملہ عدالت میں چلنے کی خبروں کو بھی جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ ایسا کوئی کیس زیر سماعت نہیں۔ مخدوم چوہدری نے کہا کہ آئندہ ماہ عروہ حسین اور فرحان سعید کی شادی کی چوتھی سالگرہ منائی جائے گی اور اس حوالے سے ہم نے تیاریاں بھی کر رکھی ہیں۔ اداکارہ کے والد نے سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی علیحدگی اور طلاق کی خبروں کو جھوٹا اور من گھڑت بھی قرار دیا۔ عروہ حسین کے والد کی جانب سے یہ بیان آنے کے باوجود سوشل میڈیا صارفین اور شوبز کے مداحوں نے اس بات کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ اگر علیحدگی کی خبریں جھوٹی اور من گھڑت ہوتیں تو خود عروہ حسین اور فرحان سعید کی جانب سے فوری طور پر ان خبروں پر کوئی رد عمل ضرور آتا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا ۔ عروہ حسین اور فرحان سعید کی جانب سے اختیار کی جانے والی خاموشی اس بات کا اشارہ ہو سکتی ہے کہ ان خبروں میں کوئی نہ کوئی صداقت تو ضرور ہے ۔ یاد رہے کہ عروہ حسین اور فرحان سعید نے 22 نومبر 2016ء کو اپنی منگنی کا باقاعدہ اعلان کیا تھا، جس کے ایک ماہ بعد دونوں 16 دسمبر 2016ء کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے تھے۔

FOLLOW US