نئی دہلی (ویب ڈیسک) تیلگو ، تامل اور کناڈا فلم انڈسٹری سے منسلک معروف بھارتی اداکارہ سنجنا گلرانی نے اسلام قبول کرلیا ، جس کے بعد انہوں نے اپنا نام بھی تبدیل کرلیا ۔ بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ سنجنا گلرانی نے 2 سال قبل اسلام قبول کیا اور اپنا نام تبدیل کرکے ماہرہ رکھا تاہم انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اسلام قبول کرنے کی بات کو خفیہ رکھا ، تاہم اب اُن کا اسلام قبول کرنے سے متعلق تصدیق نامہ منظر عام پر آگیا ہے ۔ ۔ دارالعلوم شاہ ولی اللہ کے مہتمم کے مطابق اداکارہ نے 9 اکتوبر 2018 میں اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا ،
انہیں کرناٹک محکمہ شرعیہ کی جانب سے قبولِ اسلام کا تصدیق نامہ بھی فراہم کیا گیا تھا ، کیونکہ دائرہ اسلام میں داخل ہونے کیلئے جو بھی مدرسہ سے رجوع کرتا ہے، تو ان کی طرف سے قانون کے مطابق تبدیل مذہب کی کارروائی انجام دی جاتی ہے ، عدالتی حلف نامہ کی بنیاد پر ہی تصدیق نامہ جاری کیا جاتا ہے ، اور یہ سلسلہ گزشتہ کئی سالوں سے مدرسہ شاہ ولی اللہ کے تحت جاری ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ اس بات سے واقف تھے کہ سنجنا گلرانی ایک فلم اداکارہ ہیں ؟ اس سوال کے جواب میں مولانا زین العابدین نے کہا کہ وہ سنجنا گلرانی کے پس منظر سے وہ واقف نہیں تھے ، تاہم سنجنا ہو یا کوئی اور خواہش مند جو بھی عدالت سے حلف نامہ پیش کرتا ہے ، اس کی بنیاد پر ہی اسلام قبول کرنے کا تصدیق نامہ دیا جاتا ہے۔ تصدیق نامہ کے مطابق ارچنا منوہر گلرانی بنت منوہرگلرانی عمر 31 سالہ نے بغیرکسی جبر کے با رضا و رغبت اللہ کے ایک ہونے اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کو آخری پیغمبر مان کر کلمہ شہادت پڑھ کر دین اسلام قبول کیا ہے۔ یاد رہے کہ اداکارہ کا اصل نام ارچنا منوہر گلرانی ہے ، جبکہ سنجنا گلرانی انکا فلمی نام ہے ۔