استنبول (ویب ڈیسک) ترک اداکار انگین التان نے پاکستان میں قائم بلیو ورلڈ سٹی کے ساتھ معاہدہ منسوخ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ ہفتے بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں دھاک بیٹھانے والے ترک ڈرامہ ارطغرل غازی کے ہیرو انجن التان دوزیاتان آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے۔ دورے کے دوران لاہور، کراچی، اسلام آباد بھی جائیں گے ، سوالات کے جوابات بھی دیں گے ۔ وہ پاکستان میں ایک مسجد کا افتتاح کریں گے۔تاہم اب ترک خبر رساں ادارے “ٹی آر ٹی” کے مطابق ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ترک اداکار انگین التان دوزیاتان نے بلیو ورلڈ سٹی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کو منسوخ کر دیا ہے۔انہوں نے یارِمن ترکی یوٹیوب چینل کے اینکر ڈاکٹر فرقان حمید سے ٹیلیفونک رابطے میں کہا کہ انہیں بلیو ورلڈ سٹی فرم کے بارے میں کوئی زیادہ معلومات حاصل نہیں تھیں۔
لیکن پاکستان سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی اور اس فرم کے بارے میں اچھی رائے نہ ہونے کی وجہ سے طے پانے والے معاہدے کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں جلد ہی باقاعدہ منسوخ کرنے کی دستاویز جاری کر دی جائیں گی۔یاد رہے کہ پانچ سیزن پر مشتمل ترکی کے گیمز آف تھرونز کہلانے والے ڈرامے نے پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، صرف پاکستان میں اس ڈرامے کو کروڑوں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔شہرہ آفاق ترک ڈرامے ارطغرل غازی کی مقبولیت پاکستان میں مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس میں کام کرنے والے اداکاروں کے پاکستانی مداحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈرامے میں ارطغرل غازی کا کردار 41 سالہ انجین التان دوزیتان نے نبھایا ہے جب کہ انکی بیوی حلیمہ سلطان کا کردار 28 سالہ اسرا بلجک نے ادا کیا ہے۔
دونوں اداکاروں اور خاص طور پر حلیمہ سلطان کی پاکستان میں بے پناہ مقبولیت ہے اور لوگوں نے سوشل میڈیا پر فالو کرنے سمیت ان سے محبت کا اظہار کرنا بھی شروع کیا اور بتایا کہ کس طرح پاکستانی مداح انہیں پسند کرنے لگے ہیں۔ ڈرامہ مداحوں کی جانب سے حلیمہ سلطان یعنی اسرا بیلگیج کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان کی تعریف میں کمنٹس کیے گئے ہیں اور لوگ ان سے ملنے اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت دیتے دکھائی دیتے ہیں۔