Thursday November 28, 2024

معروف اینکر اقرار الحسن کی اہلیہ بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں

لاہور (ویب ڈیسک) معروف اینکر اقرار الحسن کی اہلیہ بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں، خاتون اینکر فروح یوسف نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں مہلک وبا کی تشخیص کی تصدیق کی، کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ایک اور خاتون صحافی کرونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔ معروف صحافی اقرار الحسن کی اہلیہ نے تصدیق کی ہے کہ ان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں اقرار الحسن کی اہلیہ اور خاتون صحافی فرح یوسف نے بتایا کہ کچھ روز سے ان کی طبیعت ناساز ہے۔ ان میں جسم درد اور بخار کی علامت ظاہر ہوئیں جس کے بعد انہوں نے خود کا کرونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا۔
اب ان کے ٹیسٹ کی رپورٹ آ گئی ہے، جس کے مطابق وہ بھی کرونا وائرس کا شکار ہو چکی ہیں۔

انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے، جبکہ لوگوں سے دعاوں اور احتیاط کی اپیل بھی کی ہے۔ اس سے قبل دیگر کئی صحافی اور اینکرز بھی کرونا وائرس کا شکار ہو چکے۔ پاکستانی خاتون صحافی مہر تارڑ، اینکر عمران خان،سہیل وڑائچ، آفتاب اقبال، ماریہ میمن، غریدہ فاروقی اور دیگر اینکرز و صحافیوں میں بھی مہلک وبا کی تشخیص ہو چکی۔ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے صحافیوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہلک وبا کو سنجیدگی سے لیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
جبکہ واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس تعداد میں 6 ہزار 472 کورونا مریضوں کا اضافہ ہوا۔اس وقت ملک میں کل کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 32 ہزار 405 ہے۔ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پورے ملک میں اموات کی تعداد 2 ہزار 551 ہے۔ جبکہ پاکستان میں 50 ہزار سے زائد کرونا مریض صحتیاب بھی ہوگئے۔

FOLLOW US