Monday January 20, 2025

کورونا کی شکار اداکارہ روبینہ اشرف کی طبیعت بگڑ گئی ’آئی سی یو ‘وارڈ میں منتقل کردیا گیا

لاہور (نیوز ڈیسک) کورونا کی شکار معروف اداکارہ روبینہ اشرف کی طبیعت بگڑ گئی، جس پر انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا، سینئر اداکاروں نے روبینہ اشرف کیلئے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ روبینہ اشرف چار روز قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئیں۔ جس کی انہوں نے خود تصدیق کی تھی کہ اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ مائیکروبلاگنگ کی ویب سایٹ ٹویٹر پر سینئر اداکار ساجد حسن نے اپنے ٹویٹ میں درخواست کی ہے کہ ہماری بہن روبینہ اشرف کیلئے دعا کریں، وہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں اوراس وقت ہسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ اللہ اپنا کوئی معجزہ دکھائے اور دنیا بھر کے انسانوں کو کرونا سے محفوظ فرما دے۔ اسی طرح اداکارہ ہمایوں سعید نے بھی ٹویٹر پرروبینہ اشرف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور دعاؤں کی درخواست کی ہے۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ہمایوں سعید کے ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے انشاءاللہ لکھا۔ کہ اللہ پاک روبینہ اشرف کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔ دوسری جانب ٹویٹر پراداکارہ سکینہ سموں کے بھی کورونا کا شکار ہونے کی خبریں زیر گردش تھیں۔ لیکن اداکارہ سکینہ سموں نے انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی خبر کی تردید کی اور افواہیں پھیلانے والوں پر برہمی کا اظہار بھی کیا تھا۔ دوسری جانب ملک میں کورونا سے مزید 34 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2032 ہوگئی جبکہ مزید 2946 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 101173 تک پہنچ گئی۔ 33465 مریض صحتیاب ہوگئے۔

FOLLOW US